ھفتہ, 23 نومبر 2024


مصطفی کمال کا فاروق ستار کو مشورہ

 

ایمزٹی وی(کراچی) پاک سر زمین پارٹی کے سربراہ مصطفی کمال نے کہا ہے کہ ہم نے اپنا امتحان دے دیا ہے لیکن فاروق ستار ابھی بھی امتحان دینے کے لئے تیار نہیں ہیں،وہ بغیر مرے جنت میں جانا چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کیا فاروق ستار کو 22اگست سے پہلے کے معاملات نہیں معلوم تھے،کیا انہیں 22اگست کو پتہ لگا کہ بانی ایم کیو ایم غلط ہیں؟فاروق ستار کمزور ہیں ،وہ اپنے فیصلےخود نہیں کر سکتے ،آہستہ آہستہ ان کے سارے آپشنز ختم ہو جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ میں فاروق ستار کو ابھی بھی سمجھا رہا ہوں کہ یہ مینڈیٹ آپکا نہیں ہے،اپنی شناخت کے لئے فاروق ستار کو پارٹی چھوڑنا ہوگی۔

ایک سوال کے جواب مصطفی کمال نے کہا کہ بانی متحدہ عشرت العباد سے ناراض ہوئے تھے تو ہی انہیں پارٹی سے نکالاتھا،وہ نائن زیرو چھاپے پر ناراض ہوئے تھے کہ اس میں عشرت العباد نے کچھ نہیں کیاتھا۔عشرت العباد کی دہری شہریت سے متعلق سب کو پتہ تھا،عشرت العباد کا نام ای سی ایل میں ڈال کر انہیں گرفتار کرنا چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ 7مہینے تک عشرت العباد کو سمجھانے کی کوشش کرتے رہے، اگر ہم ان سے دوستی کرتے تو جرم میں شراکت دار ہو جاتے۔عشرت العباد اور فاروق ستار سے کوئی ذاتی بھی جھگڑا نہیں ہے ،میں اپنی ذات کے لئے نہیں لوگوں کے لئے لڑائی لڑ رہا ہوں،کراچی کے لوگوں کو اب مزید تباہ ہوتے نہیں دیکھ سکتے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جب بانی ایم کیو ایم مضبوط ہوں جائیں گے تو یہ سب ان سے معافیاں مانگیں گے،مجھے پہلے ہی پتہ تھا کہ بانی ایم کیو ایم کے خلاف کچھ بھی نہیں ہونا۔یہ لوگ جرائم میں شراکت دار ہیں،اسکاٹ لینڈ یارڈ کے زریعے بھارت کی فنڈنگ پکڑی گئی تھی۔بانی ایم کیو ایم کے زریعے ہی بھارتی خفیہ تنظیم" را" بے نقاب ہوئی جبکہ سرفراز مرچنٹ اور سکاٹ لینڈ یارڈ کے پیپرز بھی ریکارڈ میں موجود ہیں مصطفی کمال کا کہنا تھا کہ پی ایس پی سے متعلق میچ فکسنگ کی باتیں اہمیت نہیں رکھتیں،میں اور میری پارٹی لوگوں کے ساتھ غلط بیانی نہیں کر رہے ،اللہ ہماری مدد کر رہا ہے ۔کراچی میں کونسی پارٹی مقبول ہے 2018کے الیکشن میں ہی پتہ لگے گا۔

 
 

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment