ھفتہ, 23 نومبر 2024


مطالبات کی منظوری کے لئے پاکستان پیپلز پارٹی کا اہم فیصلہ

 


ایمزٹی وی(نوڈیرو) پیپلزپارٹی نے اپنے 4 مطالبات کی منظوری کے لئے لانگ مارچ کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس بلاول بھٹو زرداری اور آصف علی زرداری کی زیرصدارت ہوا جس میں وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان کو عہدے سے ہٹانے سمیت مختلف فیصلے کئے گئے۔

اجلاس کے بعد فرحت اللہ بابر، قمرزمان کائرہ اور شیریں رحمان نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اب اپنے 4 مطالبات کی منظوری کے لئے سیاسی لانگ مارچ کا فیصلہ ہو چکا ہے جس کے لئے تمام اپوزیشن جماعتوں سے رابطہ کیا جائے گا۔ فرحت اللہ بابر نے کہا کہ آج کا اعلان وزیراعظم نوازشریف کی پالیسیوں پرعدم اعتماد ہے، اپنے مطالبات کی منظوری کے لئے تمام جمہوری طریقوں سے حکومت پر دباؤ ڈالیں گے، لانگ مارچ کس طرح شروع کیا جائےگا اس کا فیصلہ ہو چکا ہے، اب پارلیمان کے اندر اور باہر حکومت پردباؤ میں شدت آئے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ہمارے دباؤ سے حکومت بھاگ جاتی ہے تو بھاگ جائے تاہم ہم نے پارٹی کارکنان کو الیکشن کی تیاری کا کہہ دیا ہے۔

اس سے قبل نوڈیرو میں جلسے سے خظاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سیاسی لانگ مارچ کا عندیہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ کارکن ایک اور لڑائی کے لیے تیار ہوجائیں، بلاول بھٹو میدان میں آگیا ہے، ہمیں سیاسی لانگ مارچ کی تیاری شروع کرنی ہے، ہر صوبے ہر شہر ہرگاؤں میں آرہا ہوں اور اپنے 4 مطالبات منوانے کے لیے پورے ملک کا دورہ کروں گا۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment