ایمز ٹی وی(لاڑکانہ) بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بلاول اور آصف زرداری پارلیمان میں ہوں گے تو ن لیگ کی نیند اڑ جائے گی، ہم جلد شریف خاندان کا احتساب کریں گے۔
یہ بات انہوں نے لاڑکانہ میں پیپلز پارٹی کے بانی چیئرمین ذوالفقار علی بھٹو کے 89ویں یوم پیدائش کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
قبل ازیں انہوں نے لاڑکانہ میں جناح باغ میں ذوالفقار بھٹو کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں شرکت کی ،فاتحہ خوانی اور دعا کی اور 89 پونڈ کا کیک کاٹا۔ان کے ہمراہ فریال تالپور ،پیپلز پارٹی کے دیگر وزرا و رہنما موجود تھے۔
انہوں نے انتہائی مختصر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جیالوں کے ووٹوں کے ساتھ بی بی کا بیٹا پارلیمان میں ہوگا، ہماری تحریک کا آغاز جلد ہوگا ہم پارلیمنٹ میں بھی ہوں گے اور سڑکوں پر بھی اور شریف خاندان کا احتساب کریں گے جس کی بنیاد ہمارے چار مطالبات ہوں گے۔
اپنے خطاب میں انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وہ بیگم نصرت بھٹو کی نشست این اے204 سے ضمنی انتخاب لڑ کر پارلیمنٹ میں آٗئیں گے اور پارلیمانی سیاست کا آٖغاز کریں گے۔
دریں اثنا ملک کےمختلف شہروں میں پیپلز پارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو کی نواسی ویں سالگرہ کی تقریبات منعقد ہوئیں، مختلف شہروں میں کیک کاٹے گئے۔
کراچی بار میں ذوالفقار علی بھٹو کی سالگرہ جوش خروش سے منائی گئی سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے دیگرساتھی رہنماؤں کے ساتھ کیک کاٹا۔
کراچی میں پیپلز پارٹی کے میڈیا سیل میں بھٹو کی سالگرہ کی مناسبت سے تقریب ہوئی جس میں پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماؤں نے شرکت کی اوراپنی جماعت کےبانی کوزبردست خراج تحسین پیش کیا۔
ملتان میں جیالوں نے ذوالفقار علی بھٹو کی سالگرہ کا جشن دل کھول کر منایا،کیک کاٹا اور خوب رقص کیا۔
سکھر کے اسکول میں ذوالفقار علی بھٹو کے یوم ولادت کی مناسبت تقریب کا اہتمام کیا گیاجس میں بچوں نے حصہ لیا۔