ایمز ٹی وی (کراچی) انسداد اسٹریٹ کرائمز اقدامات کے حوالے سے آئی جی سندھ کی صدارت میں اجلاس سی پی او آفس میں منعقد ہوا ، اس موقع پر اجلاس کو بتایا گیا کہ جی ایس ایم، اینڈرائڈ ودیگر سیلولرزفونز پر مشتمل ایک ایسا موبائل سافٹ ویئر تکمیل کے مراحل میں ہے جس کے ذریعے سم کارڈ لگاتے ہی مذکورہ موبائل فون کا آئی ای ایم آئی نمبر بھی رجسٹر ہوجائیگا اور موبائل فون گم ہونے، چوری یا چھینے جانےکی صورت میں صارف جیسے ہی اپنی سم بلاک کرائیگا تو موبائل فون بھی بلاک ہوجائیگا۔ انہوں نے کسٹم اور آئی بی اتھارٹیز سے کہا کہ چوری اور چھینے گئے موبائل فونز کی اسمگلنگ کی روک تھام کے ساتھ ساتھ موبائل فونز آئی ای ایم آئی نمبرز کی ٹیمپرنگ اور بعدازاں ایسے فونز کی فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کے ضمن میں ایس ایس پی ایس آئی یو سے ناصرف تعاون کیا جائے بلکہ اس حوالے سے مجموعی اقدامات کو بھی انتہائی ٹھوس اور مربوط بنایا جائے۔ انہوں نے ایڈیشنل آئی جی کراچی کو ہدایات دیں کہ اسٹریٹ کرائمز کے دوران رنگے ہاتھوں گرفتار ملزمان کو ایس آئی یو کے حوالے کیا جائے تاکہ تفتیش کے جملہ پہلوؤں کو مؤثر بنایا جا سکے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اسٹریٹ کرائمز روکنے کیلئے مربوط اقدامات کئے جائیں سی پی ایل سی کے تعاون سے ریکوری ویب سائٹ بھی تیار کی جائے. انہوں نے کہا کہ انسداد اسٹریٹ کرائمز کی `15روزہ رپورٹ بھی پیش کی جائے ۔