ھفتہ, 23 نومبر 2024


ایم کیو ایم لندن کا کوئی لیڈر یہاں نہیں رہتا، محمد زبیر

 

ایمز ٹی وی(کراچی) گورنر سندھ محمد زبیر عمر نے کہا ہے کہ پانامہ کیس پر وزیراعظم نا اہل نہیں ہو سکتے مگر اس سے (ن) لیگ کو نقصان ضرور ہوسکتا ہے ، پانامہ کیس نہ ہوتا تو پارٹی کیلئے بہت اچھا ہوتا ، ایم کیو ایم کے تقسیم ہونے سے کراچی میں بہت بڑا سیاسی خلاء پیدا ہوا ہے ،میرے گورنر بننے کے بعد وزیراعظم پانچ بار سندھ آئے ،سیف الرحمان کا گروپ بجلی کے پلانٹ لگا رہا ہے ۔ گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا کہ قیادت کے دفاع میں جو کچھ بھی کیا اسے درست سمجھتا ہوں ،میرے گورنر بننے کے بعد پانچ بار وزیراعظم سندھ آئے کیونکہ ہم چاہتے ہیں کہ معیشت پر توجہ دی جائے ،سیف الرحمان قطری اور چائنیز گروپ کے ساتھ آئے تھے ، سیف الرحمان کا گروپ بجلی کے پلانٹ لگا رہا ہے ، وفاقی حکومت سندھ کی بہتری کیلئے کام کر رہی ہے ۔محمد زبیر نے کہا کہ مراد علی شاہ کو اداروں سے متعلق بیان نہیں دینا چاہیے ، ایم کیو ایم لندن اور پاکستان میں ہم نے تفریق نہیں کی ، اس تفریق کا فیصلہ ایم کیو ایم کا اپنا ہے ،ایم کیو ایم لندن کا کوئی لیڈر یہاں نہیں رہتا ۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم لندن کو سیاست کی اجازت نہیں دی جا سکتی ، وہ کہیں رجسرڈ جماعت نہیں ہے ۔گورنر سندھ نے کہا کہ فاروق ستار کی گرفتاری کا ٹی وی نیوز سے علم ہوا، ڈی جی رینجرز اور وزیراعلیٰ سندھ بھی لاعلم تھے ،رابطے کے بعد وزیراعلیٰ نے رہائی کا آرڈر جاری کیا ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل میچز کراچی میں نہ ہوں تو نا انصافی ہوگی ، پی ایس ایل فائنل لاہور میں کرانے سے پاکستان کی ساکھ بہتر ہوئی ہے ،ہم نے نجم سیٹھی سے کہا ہے کہ اگلا فائنل کراچی میں ہونا چاہیے ، ہم نے کراچی کو ایک نارمل شہر بنانا ہے ، پی ایس ایل میں اچھا کھیلنے والوں کو ایوارڈ دے رہا ہوں اور ڈیرن سیمی کو نیشنل ایوارڈ دینے کی سفارش کروں گا۔انہوں نے کہا کہ کراچی کے امن پراجیکٹ کو پاکستان کا پراجیکٹ سمجھا جائے ۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment