ایمزٹی وی(کراچی) ایم کیو ایم پاکستان کے رکن سندھ اسمبلی عبداللہ شیخ نے پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا۔کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ہم اپنی غلطیاں تسلیم کرنے والے لوگ ہیں، لوگ اپنا موقف فائدہ دیکھ کربدل لیتے ہیں،ہم نے کسی کو پارٹی میں شمولیت کا نہیں کہا، ہم نے کسی سے دشمنی نہیں کی، ہم نے پہلے دن سے کوئی بات جھوٹ نہیں بولی، کسی کے پاس ہماری کسی بات کا جواب نہیں ہے، جب ہماری بات صحیح ثابت ہوجاتی ہے تو لوگ ہماری طرف چل پڑتے ہیں۔ ہمارے پاس بہت بڑی تعداد میں لوگ آرہے ہیں، شیخ عبداللہ آخری نہیں، ہم سے کئی اور بھی بہت سے لوگ رابطے میں ہے۔
دعا ہے لوگوں میں اتنی ہمت ہو کہ وہ سچ کے قافلے میں شامل ہوں۔مصطفیٰ کمال نے کہا کہ جمعرات کو ہم اپنی پارٹی کا پہلا یوم تاسیس منائیں گے، یہ یوم تاسیس یوم پاکستان کی مناسبت سے منایا جائے گا۔ کل نشتر پارک میں پی ایس پی کا عظیم الشان کنونشن ہوگا، کارکنان کل 3 بجے گراونڈ میں پہنچنے کی کوشش کریں، پی ایس پی کے پنڈال میں ہر زبان اور نسل کے لوگ نظر آئیں گے۔
اس موقع پر پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والے ایم کیو ایم پاکستان کے رکن قومی اسمبلی شیخ عبداللہ نے کہا کہ 22 اگست کی تقریرکے بعد کوئی گنجائش نہیں رہی، پاکستان توڑنے کی باتیں کرنے والوں کے ساتھ ہمدردی نہیں کی جاسکتی، ہمیں ملک کا غدارکوئی نہ کہے، ہم پاکستان کے وفادار ہیں اوررہیں گے، کسی نے پی ایس پی میں شمولیت کا نہیں کہا، مصطفیٰ کمال اورانیس قائم خانی کے ساتھ کارکن کی حیثیت سے کام کریں گا.