ھفتہ, 23 نومبر 2024


ہم سب مل کر اپنے شہر کوصاف ستھرا اورسرسبز بنائیں گے ، مئیر کراچی

 

ایمز ٹی وی (کراچی) 2 لاکھ ٹن کچرے کا بیک لاگ ختم کرنابحریہ ٹاؤن اوربلدیہ وسطی کا کارنامہ ہے حکومت کے ساتھ شہری بھی ذمہ داریاں پوری کریں،وسیم اختر کاخطاب میئرکراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ کراچی کو کچرے سے نجات دلانا اولین ترجیح ہے ،

ضلع وسطی سے کچرا اٹھانے کے بعد اب ضلع کورنگی سے کچرا اٹھانے کا آغاز کریں گے جہاں گزشتہ آٹھ برس سے لاکھوں ٹن کچرا جمع ہے ۔ سرکاری و نجی شعبے سے جو بھی تعاون کا ہاتھ بڑھائے گا اسے خوش آمدید کہیں گے حکومت کے ساتھ ساتھ شہری بھی اس حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں، ہم سب مل کر اپنے شہر کوصاف ستھرا اورسرسبز بنائیں گے ، یہ بات انہوں نے بحریہ ٹاؤن کے تعاون سے بلدیہ وسطی میں جاری صفائی مہم کے اختتام پر بلدیہ وسطی کی جانب سے منعقدہ تقریب اظہار تشکر سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی،

اس موقع پر چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی، وائس چیئرمین شاکر علی، جنرل منیجر بحریہ ٹاؤن ذوالفقار میمن، کموڈور ریٹائرڈ نعیم اور دیگر افسران بھی موجود تھے ۔ میئر کراچی نے کچرے کی صفائی پر ضلع وسطی کے مکینوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ڈیڑھ مہینے کی قلیل مدت میں بلدیہ وسطی کی حدود سے 2 لاکھ ٹن کچرے کا بیک لاگ ختم کرنابحریہ ٹاؤن اوربلدیہ وسطی کا بڑا کارنامہ ہے ، اس میں کوئی شک نہیں کہ ملک ریاض اور بحریہ ٹاؤن ہمیشہ پاکستان کی ترقی کے لئے تگ و دو کرتے ہیں اور اس کارخیر کی ذمہ داری اٹھانا بھی اس بات کا ثبوت ہے ۔ بحریہ ٹاؤن کے کموڈور(ر) نعیم نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بحریہ ٹاؤن کے روح رواں ملک ریاض نے جو ہدایت کی اْس پر خلوصِ نیت سے بلدیہ وسطی کے چیئرمین کی خواہش کے مطابق عمل کیا تاکہ ضلع وسطی کو صاف ستھرا ضلع بنادیا جائے ۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment