ھفتہ, 23 نومبر 2024


چیف جسٹس بغیر پروٹوکول کے مزار قائد آمد

 

ایمزٹی وی(کراچی)چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثاربغیر پروٹوکول کے مزار قائد پہنچ گئے جہاں انہوں نے فاتحہ خوانی کی ۔میڈ یا رپورٹس کے مطابق وی وی وی آئی پی موومنٹ از خود نوٹس کیس کی سماعت کے بعد چیف جسٹس بغیر پروٹوکول کے مزار قائد کے لیے روانہ ہو گئے جہاں پہنچ کر انہوں نے فاتحہ خوانی کی ۔
اس سے قبل سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں آج وی وی آئی پی موومنٹ ازخود نوٹس کیس کی سماعت ہوئی۔اس دوران آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ عدالت میں پیش ہوئے۔ چیف جسٹس نے آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ سے استفسار کیا کہ سڑکوں کو بند کرنے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، وی وی آئی پی شخصیات کے لیے سڑکیں کیوں بند کردی جاتی ہیں؟۔جس پر اے ڈی خواجہ نے جواب دیا کہ وی وی آئی پی موومنٹ کے لیے قوانین موجود ہیں، ان کے مطابق انتظامات کیے جاتے ہیں اور ہم صرف 2 منٹ کے لیے ٹریفک بند کرتے ہیں۔اس موقع پر چیف جسٹس نے اے ڈی خواجہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آئی جی صاحب! میں بھی تو وی وی آئی پی ہوں، میرے لیے تو سٹرک بلاک نہیں ہوتی۔
آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ کہیں سڑکیں بند نہیں ہوتیں، صرف وی آئی پی موومنٹ کے لیے انتظامات کیے جاتے ہیں۔جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ آپ انتظامات ضرور کریں مگر شہریوں کو کم سے کم تکلیف ہو، وی وی آئی پی موومنٹ چاہے کسی کی بھی ہو، شہریوں کو تکلیف سے بچایا جائے۔سماعت کے بعد چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے ازخود نوٹس کیس نمٹاتے ہوئے آئی جی سندھ کو ہدایت کی کہ 'آپ حلف نامہ جمع کرائیں کہ مستقل سڑکیں بلاک نہیں ہوتیں، ہم آپ کے حلف نامے کا جائزہ لیں گے'۔چیف جسٹس نے سختی سے تاکید کی کہ 'شہریوں کے حقوق کا تحفظ کیا جائے، یہ ہماری اولین ترجیح ہے'۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment