ایمز ٹی وی (کراچی) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پنجاب میں حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہیں، ایسا وزیراعلیٰ لائیں گے جس پر کوئی انگلی نہ اٹھائے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ کے پی اور پنجاب کے لیے عمران خان سب کی رائے لے رہے ہیں، پاکستان تحریک انصاف کے نمبرز پورے ہیں، پیپلزپارٹی کا پنجاب کا ووٹر پی ٹی آئی کی طرف آیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آزاد امیدوار بھی تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں، عمران خان نے بھی کہا جو حلقہ کہیں گے کھولیں گے، تحریک انصاف کو حلقے کھلوانے پر کوئی اعتراض نہیں ہے، تحریک انصاف کی پنجاب میں حکومت بننی چاہیے۔
رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی تقریب حلف برداری ایوان صدر میں ہونی چاہیے، ایوان صدر کا تقدس ہے اسے برقرار رکھنا چاہیے، میری خواہش ہے وزیراعظم کی تقریب حلف برداری 14 اگست کو ہو۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے اچھا پیغام دیا ہے، مولانا فضل الرحمان نے رخنہ ڈالنے کی کوشش کی، مولانا فضل الرحمان اب اکیلے ہوگئے ہیں، الیکشن ہوگئے اب ہمیں آگے بڑھنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ غیر ملکی مبصرین، اقوام متحدہ اور فافن نے الیکشن کو درست قرار دے دیا، کوئی مانے یا نہیں عالمی طور پر الیکشن کو مانا گیا ہے، عوام نے بھی الیکشن 2018 کو مان لیا ہے، تحریک انصاف کو ایک کروڑ 68 لاکھ ووٹ ملا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ عوام نے جو مینڈیٹ دیا ہے وہ نئے پاکستان کا ہے، پی ٹی آئی مشکل حالات میں حکومت سنبھالے گی، عوام جلد بہتر نتائج دیکھیں گے