کراچی: محکمہ ثقافت سندھ نے برنس گارڈن میں واقع نیشنل میوزیم کی منتقلی کے لیے گورنر ہائوس کراچی کو زیادہ موزوں جگہ قرار دے دیا ہے اور حکومت سندھ سے گورنر ہائوس محکمہ ثقافت سندھ کے حوالے کرنے کی باضابطہ درخواست کردی ہے۔
سیکریٹری محکمہ ثقافت اکبر لغاری نے ذرائع کو بتایا کہ وزیر اعلیٰ سندھ کو ارسال کی گئی سمری میں انھوں نے درخواست کی ہے کہ گورنر ہائوس کی عمارت محکمہ ثقافت کے حوالے کی جائے تاکہ اس میں نیشنل میوزیم کو منتقل کیا جاسکے۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے کراچی کے تمام پارکس کو تجاوزات سے خالی کرانے کے سلسلے میں جاری کیے تھے، سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں چیف سیکریٹری سندھ نے برنس گارڈن میں قائم نیشنل میوزیم کو بھی منہدم کرنے کی ہدایت کی تھی۔
محکمہ ثقافت سندھ کے ایک ملازم نےمیڈیا کو بتایا کہ نیشنل میوزیم کی اہمیت کے پیش نظر اسے روزانہ رات کو ایک ذمے دار افسر کی زیر نگرانی باضابطہ سیل کیا جاتا ہے اور دوسرے دن صبح کو سیل کھولی جاتی ہے۔