Print this page

پانی کی عدم فراہمی پر مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہرے

ایمز ٹی وی ﴿کراچی﴾ ملک کے معاشی حب کراچی میں پانی کی عدم دستیابی کا سلسلہ جاری ہے ، اسی طرح شہریوں کے احتجاج کا سلسلہ بھی جاری ہے، اورنگی ٹاؤن شاہ فیصل محلہ کے مکین اورنگی ٹاؤن 5 نمبر پر مرکزی شاہراہ پر نکل آئے اور احتجاج کیا، مظاہرین نے شدید نعرے بازی کی، ان کا کہنا تھا کہ ان کے علاقے میں پانی کی فراہمی کا سلسلہ کئی روز سے بند ہے اور وہ پانی کی بوند بوند کو ترس گئے ہیں، علاقہ مکین دور دراز علاقوں سے پانی بھر کر لانے پر مجبور ہوگئے ہیں۔

 

مذکورہ صورتحال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ٹینکر مافیا نے نرخ بڑھادیے ہیں، علاقہ مکین انتہائی مہنگے داموں ٹینکر خرید رہے ہیں جس کی وجہ سے وہ اضافی مالی بوجھ تلے دبتے جارہے ہیں، اس دوران نامعلوم افراد نے سڑک پر ٹائر نذر آتش کیے اور رکاوٹیں بھی کھڑی کردیں جس سے ٹریفک معطل ہوگیا اور گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں، اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور مظاہرین کو منتشر کیا، علاوہ ازیں سہراب گوٹھ کے قریب النور سوسائٹی اور سمن آباد کے مکین بھی سڑکوں پر نکل آئے اور پانی کی عدم فراہمی کے خلاف مظاہرہ کیا، مظاہرے میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔

 

مظاہرین نے کہا کہ دنیا چاند پر پہنچ گئی ہے جبکہ میٹرو پولیٹن شہر کراچی میں پانی جیسی بنیادی ضرورت ہی غائب ہے، شہری پانی کی تلاش میں مارے مارے پھرنے پر مجبور ہوگئے ہیں، صورتحال کے باعث سہراب گوٹھ کی جانب جانے والے راستے بند ہوگئے، اطلاع ملتے ہی پولیس نفری موقع پر پہنچ گئی اور مذاکرات کے بعد مظاہرین کو پر امن طور پر منتشر کردیا ، اسی طرح شہر کے دیگر علاقوں میں بھی مظاہرے کیے گئے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں