صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں آج بھی بارش کا امکان ہے، لگاتار کئی دنوں کی بارش نے شہر کی سڑکوں کا برا حشر کردیا ہے اور سندھ حکومت کی نااہلی کے سبب ابر رحمت شہریوں کے لیے زحمت بن گیا۔
شہر قائد میں روز کی طرح آج بھی نصف دن تک موسم مرطوب رہے گا، تاہم دوپہر ڈھلے گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر قائد میں آج موسم دن میں گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، بھارتی گجرات میں ہوا کا کم دباؤ اس وقت بھی موجود ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
خیال رہے کہ کراچی میں گزشتہ کئی روز سے گرج چمک کے ساتھ تیز بارشیں ہورہی ہیں، مسلسل بارشوں سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں جبکہ کئی علاقوں میں جگہ جگہ پانی کھڑا ہوگیا۔
بارشوں سے درخت اور پول گرنے کے واقعات بھی ہوئے ہیں، بارشیں شروع ہوتے ہی بجلی بھی غائب ہے، متعدد علاقوں میں کے الیکٹرک کے ٹرانسفارمرز خرابی کا شکار ہوگئے۔
بارشوں کے دوران کرنٹ لگنے سے 5 افراد جاں بحق بھی ہوئے۔