Print this page

جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی میں بلوچستان کےطلباء کاخیرمقدم

کراچی: جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی نے بلوچستان سے آنے والے پبلک ہیلتھ کےطلباءکےاعزازمیں استقبالیہ دیا۔

یہ طلباء یو ایس ایڈ کے تعاون سے ایپنا انسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ کے ماسٹرز ان پبلک ہیلتھ پروگرام کے لیے منتخب کیے گئے ہیں۔

صوبائی وزیر برائے جامعات اور بورڈز اسماعیل راہو نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے یو ایس ایڈ کی مدد سے اس خصوصی پروگرام کے شرکاء طلبہ وطالبات کو خوش آمدید کہا اور پبلک ہیلتھ کے حوالے سے ان کی تربیت کو ملک میں صحت کے شعبے میں ایک اہم قدم قرار دیا۔

امریکی قونصل جنرل مارک سٹرو نے کہا کہ کرونا وبا کے دور میں پبلک ہیلتھ اور باہمی تعاون کی ضرورت دوچند ہو گئی ہے، مجھے پاکستانی پبلک ہیلتھ ماہرین کے ساتھ ان کے ادارے کی وابستگی پر فخر ہے۔

جے ایس ایم یو کےوائس چانسلر پروفیسر شاہد رسول نے تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام بین الصوبائی تعاون کی بہترین مثال ہے۔

ایپنا انسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ کی سربراہ پروفیسر لبنیٰ انصاری بیگ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مشترکہ پروجیکٹس کے ذریعے پبلک ہیلتھ کے شعبے میں ملکی ماہرین کی استعداد بڑھانا ان کے ادارے کے مشن کا حصہ ہے۔

تقریب سے بلوچستان کے پرائمری اور سیکنڈری ہیلتھ کئیر ڈپارٹمنٹ سیکرٹری عزیز احمد جمالی، جان سنو انکارپوریٹڈ سے بابر تسنیم شیخ، ویمن یونیورسٹی سکھر کی وائس چانسلر پروفیسر ثمرین حسین نے بھی خطاب کیا۔تقریب کی نظامت پروگرام ڈائریکٹر زعیمہ احمر نے کی۔

پرنٹ یا ایمیل کریں