Print this page

جامعہ کراچی میں مختلف اقسام کے پرندوں کی نمائش کااہتمام

کراچی: جامعہ کراچی کے شعبہ فزیالوجی کے زیر اہتمام شعبہ فعلیات میں بی ایس پولٹری سائنس میں داخلہ لینے والے طلبہ کے لئے مختلف اقسام کی ملکی وغیرملکی مرغیوں،بطخ،شطر مرغ،مختلف اقسام کے پرندے،مور،تیتر،بٹیر،طوطوں اور کبوتروں کی نمائش کا اہتمام کیا گیا

نمائش کا افتتاح رئیسہ کلیہ علوم جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر ثمینہ بانو نے کیا۔اس موقع پر پولٹری کے شعبہ سے وابستہ ماہرین کی بھی بڑی تعدادنے شرکت کی اور وہاں پر موجود طلبہ اور دیگر شرکاء کو نمائش کے لئے رکھے گئے مختلف اقسام کے پرندوں اور مرغیوں کی نسل،خوراک اور ان کو دی جانے والی ادویات کے بارے میں آگاہ کیا۔

شعبہ سیاسیات کے طلبہ نے صدرشعبہ پروفیسر ڈاکٹرثمینہ سعید جبکہ شعبہ جرمیات کے طلبہ نے صدرشعبہ پروفیسر ڈاکٹر فرح اقبال کی قیادت میں نمائش میں شرکت کی اور وہاں پر موجود مختلف اسٹالز کادورہ کیا۔

صدرشعبہ فعلیات جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر تاثیر احمد خان نے کہا کہ مذکورہ نمائش کا مقصد شعبہ ہذا اور بالخصوص پولٹری سائنس کے طلبہ کو اس حوالے سے آگاہی فراہم کرنااوراس شعبہ کے ماہرین کے تجربات سے روشناس کرانا ہے۔نمائش کے اس سلسلے کو تواترکے ساتھ یقینی بنایاجائے گا تاکہ طلبہ کی وقتاًفوقتاًرہنمائی کو یقینی بنایاجاسکے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں