Print this page

سرسید یونیورسٹی کے زیرِاہتمام قومی کھیلوں کے 34ویں ایڈیشن کےحوالےسےٹارچ ریلےتقریب کا انعقاد

کراچی: سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے زیرِاہتمام کوئٹہ میں ہونے والے چونتیسویں قومی کھیلوں کے سلسلے میں ٹارچ ریلے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

مشعل مزارِ قائد سے ہوتی ہوئی سرسید یونیورسٹی پہنچی ۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی کراچی کے ایڈمنسٹریٹر ڈاکٹر سیف الرحمن تھے ۔ تقریب کے شرکاء میں سابق ہاکی اولمپیئن،حنیف خان، ناصر علی، حسیم خان، ہاکی کے بین الاقوامی کھلاڑی محمد علی خان سمیت پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل شعیب کھوسہ، بلوچستان اسپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل درا خان، پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکریٹری خالد محمود، سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکریٹری احمد علی راجپوت و دیگر شامل تھے ۔2020 میں بابر اعظم نے پاکستان کے ویلیوایبل کرکٹ آف دا ایئر کا ایوارڈ حاصل کیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے تقریب کے مہمانِ خصوصی کراچی کے ایڈمنسٹریٹرڈاکٹر سیف الرحمن نے کہا کہ ٹارچ ریلے اتحاد ، یکجہتی اورباہمی ہم آہنگی کی علامت ہے۔ قومی کھیل ہمارے ثقافتی ورثے کو اجاگر کرتے ہیں ۔ دو سال بعد سندھ میں قومی کھیلوں کا انعقاد ہوگا ۔

۔ٍتقریب سے خطاب کرتے ہوئے سرسید یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ولی الدین نے کہا کہ یہ بڑے اعزاز کی بات ہے کہ مشعل مزارِ قائد سے سرسید یونیورسٹی پہنچی ہے جس سے سرسید یونیورسٹی کے وقار اور قدر کا بخوبی اندازہ لگایا جاسکتا ہے ۔ قومی کھیلوں کا بنیادی مقصدتعلیمی اداروں میں کھیلوں کو فروغ دینا ہے تاکہ نچلی سطح پر نیا ٹیلنٹ ابھر کر سامنے آئے ۔ کھیل نہ صرف ایک صحتمند معاشرہ کی تشکیل کرتے ہیں بلکہ ذہنی استعداد میں بھی اضافہ کرتے ہیں ۔ اس سے ثقافتی ہم آہنگی پیدا ہوتی ہے ۔

انہوں نے کھیلوں کے فروغ کے لئے جاوید علی میمن اور ہائر ایجوکیشن کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ جاوید علی میمن، پاکستان میں کھیلوں کی بہتری اور ترقی کے لئے بھرپور کردار ادا کررہے ہیں ، قومی کھیلوں میں حصہ داری کے لئے سرسید یونیورسٹی کا انتخاب کرنے پر ہم ہائر ایجوکیشن کے شکرگزار ہیں ۔

ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ڈائریکٹر اسپورٹس جاوید میمن نے کہا کہ ایچ ای سی نے پاکستان میں گراس روٹ لیول پر ٹیلنٹ ڈھونڈنے میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔ تعلیمی اور کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے کی جانے والی کوششوں میں سرسید یونیورسٹی ہمیشہ ہائرایجوکیشن کی حصہ دار رہی ہے ۔

سرسید یونیورسٹی کے اسپورٹس ڈائریکٹر مبشر مختار نے کہا کہ کھیلوں کی سرگرمیاں نہ صرف جسمانی نشو نما اور ذہنی صحت کو بہتر بناتی ہیں بلکہ یہ سماجی ہم آہنگی کو فروغ دینے میں بھی کلیدی کردار ادا کرتی ہیں ۔

انہوں نے بتایا کہ سرسید یونیورسٹی کی طالبہ آمنہ فاطمہ ایھ ای سی ہاکی ٹیم کی کھلاڑی ہیں ۔ اسی طرح جامعہ سرسید کے نعمان الدین کو ایچ ای سی والی بال ٹیم کا کوچ مقرر کیا گیا، جبکہ اسپورٹس افسر جاوید اقبال رسہ کشی کھیل کا حصہ ہیں ۔معروف اسپورٹس جرنلسٹ یحییٰ حسینی نے نظامت کے فراءض انجام دئے ۔ یحییٰ حسینی ایک ممتاز اسپورٹس جرنلسٹ ہیں ۔ ایک انگریزی اخبار سے منسلک ہیں اور ٹی وی چینلز پر کھیلوں پر ان کے تبصرے اور تجزیاتی رپورٹس بہت مقبول ہیں ۔

پرنٹ یا ایمیل کریں