ھفتہ, 23 نومبر 2024


سرسیدیونیورسٹی کےوفدکی مالاگا یونیورسٹی میں منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کی

کراچی: سرسیدیونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے ایک اعلیٰ سطحی وفدنے قائم مقام وائس چانسلر ڈاکٹر منورحسین کی سربراہی میں وائرلیس اینڈ آپٹیکل ٹیکنالوجیز(GCWOT) 2024 کے موضوع پر اسپین کی مالاگا یونیورسٹی میں منعقد ہونے والی عالمی کانفرنس میں شرکت کی۔

اس سال کانفرنس میں 4 کلیدی تقریروں سمیت 60 ٹیکنیکل پریزنٹیشن دی گئیں جس میں وائر لیس، آپٹیکل اور زیرِآب مواصلاتی ٹیکنالوجیز میں اہم پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔اسپین میں تعینات پاکستان کے سفیر ڈاکٹر ظہور احمد نے کانفرنس کا افتتاح کیا اور مالاگا یونیورسٹی اور دیگر پاکستانی اداروں کے مابین دیرینہ تعاون کو سراہا۔ان کا کہنا تھا کہ کانفرنس نے تیکنیکی اور ماحولیاتی ترقی پر بامعنی بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

علاوہ ازیں عبوری وفد نے ACTIVE پروجیکٹ کے حوالے سے پائیدار ماحولیاتی تحفظ کے لیے ICT ایپلی کیشنز کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں بھی شرکت کی۔کانفرنس کے مہمانِ خصوصی اسپین میں تعینات پاکستان کے سفیر ڈاکٹر ظہور احمد تھے۔ایکٹیو پروجیکٹ، ایرسمس پلس کیپیسٹی بلڈنگ کا ایک منصوبہ ہے جسے یورپی یونین کی طرف سے مالی اعانت فراہم کی گئی ہے اور اس کی نگرانی مالاگا یونیورسٹی کررہی ہے۔اس پروجیکٹ کا مقصد ماحولیاتی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے ICT حل کو استعمال کرنا ہے۔

سرسید یونیورسٹی کے قائم مقام وائس چانسلر ڈاکٹر منور حسین نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سرسید یونیورسٹی اور مالاگا یونیورسٹی جیسی بین الاقوامی جامعات کے مابین باہمی تعاون کی کوششیں جدت کو آگے بڑھاتی ہیں اور ایسے حل کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالتی ہیں جو تیکنیکی صلاحیتوں اور ماحولیاتی استحکام دونوں کو بڑھاتے ہیں۔یہ کانفرنس دورِ حاضر کے پیچیدہ چیلنجوں سے نمٹنے میں بین الاقوامی تعاون کی اہمیت کا ثبوت ہے۔

سرسید یونیورسٹی کے وفد کے شرکاء میں فیکلٹی آف الیکٹریکل اینڈ کمپیوٹر انجینئرنگ کے ڈین، پروفیسر ڈاکٹر محمد عامر، شعبہ الیکٹریکل انجینئرنگ کے چیئرپرسن پروفیسر ڈاکٹر ابرار الحق، ڈاکٹر محمد ریحان، اور مہران یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے پروفیسرڈاکٹر بھوانی شنکر چودھری شامل تھے جنھوں نے مختلف ممالک سے آنے والے وفود سے مواصلاتی ٹیکنالوجیز اور پائیدار حل کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔بین الاقوامی شہرت یافتہ اسکالرز پروفیسرپابلو اوٹیرو روتھ اور پروفیسراینرک ناوا بارو سمیت امریکہ کے پروفیسر ماریوفان، اٹلی کے پروفیسر ماریزیو میگارینی نے بھی کانفرنس میں بطورِ خاص شرکت کی

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment