ھفتہ, 23 نومبر 2024


جامعہ کراچی میں انجمن محبان رسول ﷺ کے زیر اہتمام15واں سالانہ میلاد النبی ﷺ

کراچی: جامعہ کراچی میں انجمن محبان رسول ﷺ کے زیر اہتمام سالانہ میلاد النبی ﷺ کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

جس میں جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد عراقی، طلبہ و طالبات، اساتذہ کرام اور ملک کے معروف علماء کرام و نعت خواں حضرات نے شرکت کی۔

اس موقع پر خصوصی شرکت کرنے والوں میں ڈاکٹر عمیر محمود صدیقی، علامہ عبد الجبار احمد نقشبندی، ڈاکٹر عزیز محمود الازہری، ڈاکٹر انتخاب الفت، ڈاکٹر ارمان احمد، محمود الحسن اشرفی، خاور نقشبندی اور اسد ایوب شامل تھے۔

میلاد النبی ﷺ کی میزبانی میں ڈاکٹر مجید اللہ قادری، منصور حسن قادری، ڈاکٹر صادق علی خان اور انجمن محبان رسول ﷺ کے طلبہ و طالبات نے بھرپور حصہ ڈالا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد عراقی نے کہا، ہم اس نبی کے امتی ہیں جسے ہمارے مخالف مغربی فلسفی بھی انسانیت کی عظیم ترین شخصیت قرار دیتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہآج فلسطین، لبنان اور کشمیر جیسے خطوں میں جو ظلم جاری ہے وہ تاریخ انسانیت نے نہیں دیکھی، جس کی وجہ مسلم اُمہ کی نبی کریم ﷺ کے وژن سے دوری اور اسلامی ممالک میں لیڈرشپ کا فقدان ہے۔۔

علامہ عبد الجبار احمد نقشبندی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج فتنے سر اٹھا رہے ہیں اور ہم غفلت کی نیند میں ہیں۔ بطور مسلمان ہمیں اس غفلت سے بیدار ہونا ہوگا اور اپنے ایمان کی حفاظت کرنی ہوگی۔

انجمن محبان رسول ﷺ کے بانی رکن ڈاکٹر پروفیسر مجید اللہ قادری نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ کراچی میں تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ دین اسلام اور حب نبی ﷺ سے وابستگی کو بھی اہمیت دینی چاہیے۔انجمن کے رکن منصور حسن قادری نے کہا کہ جامعہ کراچی میں پہلے مختلف سطحوں پر چھوٹے پیمانے پر جشن میلاد النبی ﷺ منعقد کیے جاتے تھے، جنہیں انجمن نے اکٹھا کرکے ملک کی جامعات میں سب سے بڑے میلاد کا مقام دلایا۔

یہ میلاد جامعہ کراچی میں طلبہ و طالبات کو دین و اخلاقی اقدار کی طرف راغب کرنے کا ایک اہم موقع فراہم کرتا ہے اور نوجوانوں کے دلوں میں محبت رسول ﷺ کو اجاگر کرتا ہے

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment