ھفتہ, 07 دسمبر 2024


آئیڈیاز 2024 :محکمہ تعلیم سندھ کاتعلیمی ادارےچارروزکےلیےبندرکھنےکااعلان

کراچی: محکمہ تعلیم سندھ نے آئیڈیاز 2024 کے 12ویں ایڈیشن کے باعث کارساز اور شارع فیصل کے قریب واقع تعلیمی ادارے چار روز کے لیے بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

جمعہ کو جاری کردہ ایک نوٹیفکیشن میں، محکمہ نے کہا کہ شارع فیصل اور حبیب ابراہیم روڈ پر واقع اسکول اور کالج 19 نومبر (منگل) سے 22 (جمعہ) تک بند رہیں گے۔

محکمہ نے بتایا کہ تعلیمی اداروں کو بند رکھنے کا فیصلہ نمائش کے دوران ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے کیا گیا، یہ نمائش 19 سے 22 نومبر تک کراچی ایکسپو سینٹر میں منعقد ہوگی۔

ڈپٹی انسپکٹر جنرل ٹریفک پولیس کراچی احمد نواز کے مطابق نمائش کے دوران حسن اسکوائر سے اسٹیڈیم تک سر شاہ محمد سلیمان روڈ صبح 7 بجے سے شام 7 بجے تک بند رہے گی۔

دریں اثناء یونیورسٹی روڈ اور اسٹیڈیم روڈ کو ایکسپو سینٹر سے ملانے والی سڑکیں 19 سے 22 نومبر تک بند رہیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایکسپو سینٹر کے اطراف کی سڑکوں پر چھوٹی گاڑیوں کو جانے کی اجازت ہوگی جبکہ بھاری ٹریفک کی آمدورفت محدود رہے گی۔

ڈی آئی جی نے کہا کہ ایکسپو سے منسلک سڑکیں بھی صبح 7 بجے سے شام 7 بجے تک بند رہیں گی جن میں حسن اسکوائر فلائی اوور تا نیشنل اسٹیڈیم روڈ شامل ہے۔

پولیس نے یہ بھی کہا کہ ڈالمیا روڈ سٹیڈیم سگنل سے حسن اسکوائر کی طرف جانے والی سڑک کو دائیں جانب سے بند کر دیا جائے گا، انہوں نے مزید کہا کہ نیپا سے آنے والی، یونیورسٹی روڈ اور ایکسپو کے بائیں طرف سے گزرنے والی سڑک کو بھی بند کر دیا جائے گا۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment