ایمز ٹی وی (کراچی) ایم کیو ایم کو را کی فنڈنگ کے مرکزی گواہ سرفراز مرچنٹ کے ایک بار پھر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے گئے ہیں۔ سرفراز مرچنٹ کے خلاف فراڈ کے 2 مختلف مقدمات کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں ہوئی۔ اس موقع پر پولیس نے اپنی رپورٹ میں عدالت کو بتایا کہ سرفراز مرچنٹ بیرون ملک فرار ہو چکے ہیں اس لئے انھیں گرفتار نہیں کیا جا سکا۔ عدالت نے ایک بار پھر سرفراز مرچنٹ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے ملزم کو 28 مئی کو پیش کرنے کا حکم جاری کردیا۔ واضح رہے کہ سرفراز مرچنٹ کے خلاف کراچی کے تھانہ درخشاں میں ایک شہری اسد عالم نے بزنس ڈیل میں 4 کروڑ روپے کے فراڈ کا مقدمہ درج کرایا تھا۔ ایک دوسری درخواست میں ایک شہری نے سرفراز مرچنٹ پر الزام عائد کیا تھا کہ انھوں نے ملزم کو ایک گاڑی چلانے کے لئے دی تھی جو انھوں نے واپس نہیں کی۔