ھفتہ, 23 نومبر 2024


انگلینڈ بھی آئی پی ایل کے نقش قدم پر

ایمز ٹی وی (کھیل) انگلینڈ میں بھی آئی پی ایل طرز کے ٹی 20 میلے کی راہیں ہموار ہوگئیں، شہروں کی بنیاد پر نئی لیگ شروع کرنے کے حق میں 16 کاؤنٹیز نے ووٹ دے دیا تاہم سرے، کینٹ اور سسیکس کو پلان ایک آنکھ نہیں بھایا۔

تفصیلات کے مطابق انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے ایگزیکٹیو ممبران کی ایک حالیہ میٹنگ ہوئی جس میں 18 کاؤنٹیز اور ایم سی سی کے نمائندے شریک ہوئے، اس میں آئی پی ایل کی طرز پرشہروں کی بنیاد پر ٹوئنٹی 20 لیگ شروع کرنے کے حق میں پیش کی جانے والے تجویز کے لیے ووٹنگ ہوئی، جس کے حق میں 3 کے مقابلے میں 16 ووٹ آئے۔صرف سرے، کینٹ اور سسیکس نے اس کی مخالفت کی۔ اس تجویز کے تحت اب 2018 سے شہروں کی بنیاد پر ایک نیا ٹوئنٹی 20 ٹورنامنٹ شروع کیا جائے گا۔

جس کے ابتدائی دو برس کے حقوق اسکائی اسپورٹس کے پاس ہی ہوں گے اور اس میں انگلینڈ کے قومی کرکٹرز بھی شریک نہیں ہونگے تاہم 2020 میں نئی نشریاتی ڈیل ہونے پر یہ لیگ مکمل ردھم میں آجائے گی اور اس میں مقامی سپر اسٹارز بھی حصہ لیں گے۔ نئے ایونٹ کے آغاز سے قبل موجود ٹی 20 بلاسٹ ایونٹ بدستور جاری اور ویک اینڈ پر ہی منعقد ہوگا۔ انگلش بورڈ کا کہنا ہے کہ کچھ ممبران کے اس پر تحفظات ہیں تاہم ان کو اس لیگ کے حوالے سے مزید پریذینٹیشن دی جائے گی، امید ہے کہ کرسمس سے قبل اس نئی لیگ کی باقاعدہ منظوری دے دی جائے گی۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment