ایمزٹی وی(کھیل) چیئرمین پی سی بی شہریار خان اسپتال سے لندن میں اپنے گھر منتقل ہوگئے، وطن واپسی کا فیصلہ ڈاکٹرز کی ہدایت کے مطابق کریںگے، بورڈ میں انتظامی امور سنبھالنے کے حوالے سے صورتحال واضح نہ ہوسکی۔
تفصیلات کے مطابق عارضہ قلب میں مبتلا ہونے پر چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے انگلینڈ میں طبی معائنہ کرایا تو شریانیں بند ہونے کی تصدیق ہوگئی تھی، بعد ازاں رائل برومپٹن اسپتال میں ان کے دل کا وال کامیابی سے تبدیل کیا گیا، سابق سفارتکار گذشتہ روز اسپتال سے لندن میں اپنے گھر منتقل ہوگئے،ان کی اہلیہ نے چند میڈیا نمائندوںکو ویڈیو بھی جاری کی جس میں انھیں ہاتھ پکڑ کر چلتے دکھایا گیا ہے۔
خاندانی ذرائع کے مطابق شہریارخان نے ڈاکٹر کی ہدایت پر چہل قدمی بھی شروع کردی ہے، چیئرمین پی سی بی وطن واپسی کا فیصلہ ڈاکٹرزکی ہدایت پر کریں گے تاہم انھیں معمولات زندگی بحال کرنے کیلیے وقت درکار ہوگا، پی سی بی آئین کے مطابق چیئرمین کی غیر موجودگی میں بورڈ آف گورنرز کے ارکان میں سے ہی کسی کو قائم مقام سربراہ نامزد کیا جاسکتا ہے لیکن ایسا کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا، اس صورتحال میں اطلاعات گردش میں ہیں کہ شہریار خان استعفیٰ دے کر گھر بیٹھ جائیں گے۔
ایگزیکٹیو کمیٹی چیف نجم سیٹھی کو چیئرمین کے عہدے کیلیے مضبوط امیدوار بھی تصور کیا جا رہا ہے، وہ ان دنوں برطانیہ میں ہیں، دونوں ’’بڑوں‘‘ کی عدم موجودگی میں پی سی بی کے کئی معاملات تعطل کا شکار ہیں، دوسری جانب ابھی تک یہ واضح نہیں ہواکہ شہریار خان بورڈ کی ذمہ داریوں کا بوجھ اٹھانے کیلیے تیار ہوپاتے ہیں یا نہیں۔