ایمز ٹی وی (کھیل) سابق قومی کپتان جاوید میانداد نے صدر بھارتی بورڈ انوراگ ٹھاکر کو اینٹ کا جواب پتھرسے دے دیا، انھوں نے کہاکہ پاکستان بھارت کو بھول کر دیگر ملکوں کے ساتھ کرکٹ پر توجہ دے، بھارت ہمیشہ دھوکا دیتا اور پاکستان سے ڈرتا ہے۔
اس لیے جب بھی دونوں ملکوں میں کرکٹ کھیلنے کا موقع آئے وہ پیچھے ہٹ جاتا ہے، سرکاری خبر رساں ادارے سے بات چیت میں جاوید میانداد نے کہاکہ بی سی سی آئی کے صدر کا بیان بچکانہ اور اس کی کوئی اہمیت نہیں، یاد رہے کہ بی سی سی آئی کے صدر انوراگ ٹھاکر بھارتی حکومتی جماعت بی جے پی کے لیڈر بھی ہیں، انھوں نے چند روز قبل بیان دیا تھا کہ پاکستان کے ساتھ کھیلنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، جاوید میانداد نے کہا کہ رواں برس بھارت میں شیڈول ورلڈ ٹوئنٹی20 سے قبل پاکستانی ٹیم کو بہت زیادہ دھمکیاں موصول ہو رہی تھیں۔
اس کے باوجود پلیئرز بھارت گئے کیونکہ ہم اسپورٹسمین ہیں، نامساعد حالات دیکھ کر پچھلے دروازوں سے نکل جانے کی کوشش نہیں کرتے، سابق کپتان نے کہا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ ان لوگوں سے بھرا پڑا ہے جن کے اپنے مفادات ہیں، موقع آنے پر یہ قدموں میں گر جاتے ہیں لیکن جب ان کے مقاصد پورے ہو جائیں تو اس طرح شو کرنے کوشش کرتے ہیں جیسے آپ کو جانتے ہی نہ ہوں، ماضی کے عظیم بیٹسمین نے ویسٹ انڈیز کے خلاف یواے ای میں جاری سیریز میں ٹوئنٹی20ٹیم اورکپتان سرفراز احمد کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہماری ٹیم عالمی چیمپئن سے کئی گنا بہتر ہے،گرین شرٹس کو سیریز میں کلین سویپ کرنا چاہیے۔
ایک سوال پر انھوں نے کہاکہ قومی ایک روزہ ٹیم میں بہتری لانے کیلیے بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے، ہمیں اپنے ڈومیسٹک اسٹرکچر کو بہتر کرنا ہوگا، انگلینڈ کے خلاف ایک روزہ سیریز میں مایوس کن کارکردگی کا قصور وار صرف کپتان اظہر علی کو ٹھہرانا ٹھیک نہیں، ویسٹ انڈیز سے سیریز کے دوران ٹیم کے ہر کھلاڑی کو اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے غیرمعمولی کھیل پیش کرنا ہوگا۔