ایمز ٹی وی (کھیل) قانونی چپقلش کے سبب بھارتی کرکٹ بورڈ پر معطلی کا خطرہ منڈلانے لگا ہے، اگر سپریم کورٹ نے لودھا کمیٹی کی سفارشات قبول کرلیں تو آئی سی سی، بی سی سی آئی پر پابندی عائد کر سکتی ہے۔
لودھا پینل کی سفارشات میں کہا گیا تھا کہ بھارتی بورڈ ہر قدم پر اصلاحات کیلیے رکاوٹ کھڑی کرتا تھا،وہ عدالت کی جانب سے جاری کیے گئے احکامات کی کھلی خلاف ورزی کررہا ہے، پینل نے صدر انوراگ ٹھاکر سمیت بورڈ کے اعلیٰ حکام کیخلاف کارروائی کی سفارش بھی کی تھی، یاد رہے کہ آئی سی سی قوانین کی شق 2.9 کے مطابق کسی بھی بیرونی حکومتی یا سیاسی مداخلت کی صورت میں کونسل ایکشن لینے کی مجاز ہے۔ بدھ کو سپریم کورٹ نے احکامات پر عمل نہ کرنے پر بی سی سی آئی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ ہم عمل درآمد کروانا جانتے ہیں، بہتر ہے کہ بورڈ خود سدھر جائے یا ہم سدھاریں گے۔
عدالت نے بی سی سی آئی کو لودھا پینل سفارشات کی تعمیل نہ کرنے کے حوالے سے اپنا جواب دینے کیلیے 6 اکتوبر 2016 تک مہلت دی ہے، ممکنہ طور پر عدالتی حکم نامے کی روشنی میں اسی دن بورڈ کی قسمت کا فیصلہ بھی ہو گا۔