ایمز ٹی وی (کھیل) پاکستان نے دوسرے ایک روزہ میچ میں بھی ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر تین میچز پر مشتمل سیریز 0-2 سے اپنے نام کرلی جب کہ مہمان ٹیم پر وائٹ واش کا خطرہ منڈلانے لگا ہے۔
شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں میزبان پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 337 رنز بنائے جس کے جواب میں مہمان ویسٹ انڈیز مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 278 رنز ہی بنا سکی۔ ہدف کے تعاقب میں کیربیئن ٹیم کی اوپننگ جوڑی نے ایک مرتبہ پھر ٹیم کو مایوس کیا اور 3 کے مجموعی اسکور پر جانسن چارلس 2 رنز بنانے کے بعد محمد عامر کی گیند پر عماد وسیم کو کیچ دے بیٹھے جس کے بعد بریتھ ویٹ اور ڈیرن براوو کے درمیان 89 رنز کی شراکت قائم ہوئی اور ٹیم کا مجموعہ 92 تک پہنچا تو بریتھ ویٹ 39 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔
مہمان ٹیم کی جانب سے ہدف کے تعاقب میں شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے ڈیرن براوو نے سب سے زیادہ 61 اور مارلن سیموئلز نے 57 رنز بنائے جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں دنیش رامدین نے 34، کارلوس بریتھ ویٹ نے 14 رنز کی اننگز کھیلی۔ پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض نے 2 اور محمد عامر نے ایک وکٹ حاصل کی۔ میچ میں ایک مرتبہ پھر بہترین کارکردگی پیش کرنے پر بابراعظم کو مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا جنہوں نے مسلسل دوسرے میچ میں سنچری اسکور کی۔
اس سے قبل گرین شرٹس کے کپتان اظہرعلی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو کپتان اظہرعلی 40 کے مجموعی اسکور پر 9 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے جب کہ دوسرے اوپنر شرجیل خان بھی 12 گیندوں پر ایک چھکے اور 3 چوکوں کی مدد سے 24 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔