ایمز ٹی وی (کھیل) شہریار خان کو ڈاکٹرز نے سفر کی اجازت دیدی، دل کے کامیاب آپریشن کے بعد لندن میں مقیم چیئرمین پی سی بی کی رواں ہفتے وطن واپسی کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق سانس لینے میں دشواری محسوس کرنے پر چیئرمین پی سی بی شہریار خان کا گذشتہ ماہ کے دوسرے ہفتے انگلینڈ میں آپریشن کروانے کا فیصلہ کیا گیا، والو تبدیل کیے جانے کے بعد چند روز اسپتال میں رہنے کے بعد وہ لندن میںاپنی رہائش گاہ پر منتقل ہوگئے تھے،انھوں نے چہل قدمی بھی شروع کردی لیکن واپسی رواں ماہ کے آخر میں متوقع تھی، ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ حال ہی میں ڈاکٹرز نے طبی معائنے میں تسلی بخش نتائج سامنے آنے کے بعد بورڈ کے سربراہ کوسفرکی اجازت دے دی ہے،امکان ہے کہ وہ رواں ہفتے پاکستان واپس آجائیں گے، تاہم فوری طور اپنی ذمے داریاں نہیں سنبھالیں گے،اگر ممکن ہوا تو وقفے وقفے سے بہت تھوڑے وقت کیلیے پی سی بی کے ہیڈ کوارٹرز قذافی اسٹیڈیم آنے کا سلسلہ شروع کریں گے۔
10اکتوبر کو جنوبی افریقہ کے شہر کیپ ٹاؤن میں شیڈول آئی سی سی بورڈ میٹنگ میں بھی ایگزیکٹو کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی اور چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد شریک ہوں گے،اس اجلاس میں بگ تھری سمیت کئی اہم امور پر پیش رفت متوقع ہے، بی سی سی آئی کے صدر انوراگ ٹھاکر سے ملاقات میں ان کی سیاسی بیان بازی پر تبادلہ خیال بھی ہوسکتا ہے، یاد رہے کہ شہریار خان کی طویل علالت کے باوجود گورننگ بورڈ کی طرف سے کسی قائم مقام چیئرمین کو نامزد نہیںکیا گیا تھا جس کی وجہ سے انتظامی امور کے حوالے سے کئی اہم فیصلے تعطل کا شکار رہے۔