ایمز ٹی وی (کھیل) بنگلادیش نے تیسرے ایک روزہ میچ میں افغانستان کو 141 رنز سے شکست دے کر تین میچز کی سیریز 1-2 سے اپنے نام کرلی۔
میرپور کے شیربنگلا نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بنگلادیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 279 رنز بنائے جس کے جواب میں افغان ٹیم 33.5 اوورز میں 138 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ ہدف کے تعاقب میں افغان ٹیم کی کمزور بیٹنگ لائن بنگلادیشی بولرز کا سامنا نہ کرسکی۔ رحمت شاہ 36، نوروز مینگل 33 اور نجیب اللہ زدران 26 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
بنگلادیش کی جانب سے مشرف حسین نے 3، تسکین احمد 2، مصدق حسین، مشرفی مرتضی اور سیف الاسلام نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ میچ اور سیریز دونوں میں ہی بہترین کارکردگی پیش کرنے پر تمیم اقبال کو مین آف دی میچ اور مین آف دی سیریز کے اعزاز سے نوازا گیا۔
اس سے قبل بنگلادیش کی جانب سے تمیم اقبال نے 118 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں صابر رحمان 65 اور محمد اللہ 32 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔