ایمز ٹی وی (کھیل) پاکستان کا سامنا کرنے سے گریزاں بھارت نے آئندہ برس انگلینڈ میں شیڈول چیمپئنز ٹرافی سے ’ راہِ فرار ‘ کا عندیہ دے دیا ، جس کیلیے لودھا کمیشن کی سفارشات پر عملدرآمد کو جواز بنایا ہے۔
کولکتہ میں میڈیا سے گفتگو میں بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدرانوراگ ٹھاکر نے کہا کہ سپریم کورٹ کی جانب سے لودھا کمیشن کی پیش کردہ اصلاحات کا مطالبہ بھارت کو آئندہ سال انگلینڈ میں شیڈول چیمپئنز ٹرافی میں شرکت سے محروم کر سکتا ہے۔ 15 دن تک کرکٹ نہ کھیلنے کی پابندی لگانے کا مقصد کھلاڑیوں کو آرام کا موقع فراہم کرنا ہے، بی سی سی آئی نے کہاکہ اس وقفے کے نتیجے میں بھاری مالی نقصان کے ساتھ ہمیں کرکٹ کیلنڈر کو دوبارہ شیڈول کرنے جیسی مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑے گا، ٹھاکر نے کہا کہ لودھا کمیشن سفارشات کی روشنی میں ہمیں آئی پی ایل سے پہلے اور بعد 15 دن کا وقفہ دینا ہو گا۔
لیگ سے قبل آسٹریلیا کے ساتھ سیریز ہے اور بعد میں چیمپئنز ٹرافی ہوگی، موجودہ صورتحال میں ہمیں آئی پی ایل اور چیمپئنز ٹرافی میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہوگا، بی سی سی آئی نے گذشتہ دن ہونے والے اپنے اہم اجلاس میں ٹیم کو 15 دن کا وقفہ دینے کے ساتھ اہم سفارشات کو مسترد کردیا تھا، اس پر بھارتی سپریم کورٹ کے جج جسٹس ٹھاکر نے برہمی کا اظہار کیا تھا، بھارتی بورڈ اس معاملے پر 6 اکتوبر کو ہونے والی سماعت میں ایک رپورٹ عدالت میں پیش کرے گا۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ کو لودھا کمیٹی نے تجویز پیش کی تھی کہ انڈین پریمیئر لیگ 2017 کے بعد 15 دن تک ٹیم کا کوئی میچ نہ رکھا جائے، بورڈ نے اس کی مخالفت کر دی تھی، آئی پی ایل فائنل کے چند دن بعد ہی یکم جون سے چیمپئنز ٹرافی کا آغاز ہو جائے گا،موجودہ حکم نامے پر عمل کرنے کی صورت میں بھارت آئی سی سی ایونٹ میں شرکت نہیں کر سکے گا۔