ھفتہ, 23 نومبر 2024


پاکستانی ٹیم نے فتح کی نئی تاریخ رقم کردی

ایمز ٹی وی (کھیل) پاکستان نے تیسرے ون ڈے میں ویسٹ انڈیز کو 136 رنز سے شکست دے کر 3 میچز پر مشتمل سیریز 0-3 سے اپنے نام کرلی۔

ابو ظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری ایک روزہ میچ میں پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں کپتان اظہرعلی اور بابراعظم کی سنچریوں کی بدولت 6 وکٹوں کے نقصان پر 308 رنز بنائے جس کے جواب میں مہمان ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 44 اوورز میں 172 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئی۔ ہدف کے تعاقب میں مہمان ٹیم کی جانب سے وکٹ کیپر بلے باز دنیش رامدین سب سے زیادہ 37 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے تاہم کوئی اور کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی پیش نہ کرسکا۔ بریتھ ویٹ نے 32، ایون لیوس 22، ڈیرن براوو 17، مارلن سیمولز13، کیرون پولارڈ 11، کپتان جیسن ہولڈر 26، الزاری جوزیف 2 جب کہ سنیل نارائن اور سلیمان بین بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے محمد نواز نے 3، وہاب ریاض 2، شعیب ملک، سہیل خان اور عماد وسیم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل پاکستانی کپتان اظہرعلی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، اظہرعلی اور شرجیل خان نے ٹیم کو 85 رنز کا جارحانہ آغاز فراہم کیا تاہم شرجیل خان 38 رنزبنا کر پویلین لوٹ گئے جب کہ دورہ انگلینڈ سے آؤٹ آف فارم رہنے والے قومی کپتان کو ٹیم میں اپنی جگہ خطرے میں دکھائی دی تو تیسرے میچ میں ان کا بلا بھی رنز اگلنے لگا اور انہوں نے مسلسل 2 میچز میں سنچری اسکور کرنے والے بابراعظم کے ساتھ تیسری وکٹ کے لیے 147 رنز کی شاندار شراکت قائم کی۔

کپتان اظہرعلی نے اپنی سنچری اسکور کی اور وہ 101 رنز بنا کر جیسن ہولڈر کی گیند پر بولڈ ہوگئے جب کہ بابراعظم نے بھی اپنی کارکردگی میں تسلسل برقرار رکھتے ہوئے تیسرے میچ میں بھی سنچری اسکور کی اور وہ 106 گیندوں پر ایک چھکے اور 8 چوکوں کی مدد سے 117 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ دیگرکھلاڑیوں میں شعیب ملک 5، محمد رضوان، عماد وسیم اور محمد نواز 4،4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ سرفراز احمد 24 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment