ھفتہ, 23 نومبر 2024


پی سی بی نے پی ایچ ایف کو دیا ہوا قرضہ واپس مانگ لیا


ایمز ٹی وی (کھیل) امیر پاکستان کرکٹ بورڈ نے غریب پی ایچ ایف کو16سال قبل دیا گیا قرضہ واپس مانگ لیا، ذرائع کے مطابق سابق چیئرمین پی سی بی لیفٹیننٹ جنرل (ر) توقیر ضیا نے2000 میں سڈنی اولمپکس کیلیے ہاکی فیڈریشن کو ایک کروڑ روپے کا چیک دیا تھا، بعد ازاں بورڈ حکام کی طرف سے موقف اختیار کیا گیا کہ یہ قرضہ تھا اس لیے پی ایچ ایف اسے لوٹانے کی پابند ہے۔
10مارچ2011 کو حکام نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ملے جس میں فریقین میں طے پایا کہ پی ایچ ایف قسطوں میں یہ رقم واپس کرے گی، اس موقع پر یہ طے نہیں پایا تھا کہ یہ رقم کتنی اقساط میں ادا کی جائیگی تاہم 10 جنوری2012 کو پی سی بی نے ایک اور خط بھیجا کہ کرکٹ بورڈ کو10اقساط میں ادائیگی کی جائے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی کے ہر سالانہ آڈٹ میں پی ایچ ایف کو دیے گئے ایک کروڑ روپے کا ذکر آتا ہے، حکام کے مطابق وزارت بین الصوبائی رابطہ کے کہنے پر پی ایچ ایف سے رقم واپس مانگی گئی ہے، اس سے پہلے بھی پی ایچ ایف کو کئی مرتبہ خط لکھ چکے جس کاکوئی جواب آیا نہ ہی پیسے واپس ملے۔
دوسری جانب صدر پی ایچ ایف بریگیڈیئر (ر) خالد سجاد کھوکھر نے کہاکہ پی سی بی کو رقم دینے کے پابند ہیں لیکن وہ معاف کردیں یا گرانٹ میں بدل دیں، میڈیا سے بات چیت میں انھوں نے کہاکہ کرکٹ حکام سے بات کریں گے کہ ایک کروڑ سے انھیں تو کوئی فرق نہیں پڑتا مگر فیڈریشن کیلیے یہ بڑی رقم ہے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment