ھفتہ, 23 نومبر 2024


ویرات کوہلی کا جادو ایک بار پھر سر چڑ کر بولنے لگا

ایمز ٹی وی (کھیل) ویرات کوہلی کا بیٹ پھر سے رنز اگلنے لگا،کپتان کی ناقابل شکست سنچری سے تقویت پا کر بھارت نے اندور ٹیسٹ کے ابتدائی دن 3 وکٹ پر 267 رنز بنالیے، کوہلی 103 اور اجنکیا راہنے 79پر ناٹ آؤٹ رہے،ان کے درمیان 167 کی ناقابل شکست شراکت قائم ہوچکی،کیوی بولرز خاص تاثر نہ چھوڑ سکے۔

تفصیلات کے مطابق اندور ٹیسٹ کے ابتدائی دن کیوی بولرز بھارتی کپتان ویرات کوہلی کے سامنے بے بسی کی تصویر بنے رہے، جنھوں نے وکٹ کے چاروں اطراف دلکش اسٹروکس کھیلتے ہوئے ناقابل شکست سنچری جڑ دی، ٹاس جیتنے والے بھارت نے ابتدائی دن کا کھیل ختم ہونے تک 3 وکٹ پر267 رنزاسکور بورڈ پر سجائے، کوہلی 103 اور اجنکیا راہنے 79رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، ان کے درمیان اب تک چوتھی وکٹ کیلیے 167رنز کی پارٹنر شپ بن چکی۔

کوہلی نے کیریئر کے48 ویں ٹیسٹ میں 13ویں جبکہ جولائی میں ویسٹ انڈیز کیخلاف اپنی پہلی ڈبل سنچری کے بعد پہلی تھری فیگر اننگز سجائی، اس دوران7 اننگزمیں ان کا زیادہ اسکور45 رہا تھا،راہنے نے کیوی اسپنر جیتن پٹیل کو چھکا لگاکر کیریئر کی 10ویں ففٹی مکمل کی،کیوی کپتان کین ولیمسن وائرل انفیکشن سے نجات پانے کے بعد ٹیم میں واپس آگئے۔

میزبان بیٹسمینوں نے اختتامی سیشن کے 34 اوورز میں کوئی وکٹ گنوائے بغیر شاندار بیٹنگ سے شائقین کو محظوظ کیا، لنچ کے بعد ون ڈاؤن بیٹسمین چتیشور پجارا 41رنز بناکر لیفٹ آرم اسپنر مچل سینٹنر کی عمدہ گیند پر بولڈ ہوگئے، انھوں نے کوہلی کے ہمراہ تیسری وکٹ کیلیے 40رنز جوڑے،قبل ازیں ابتدائی سیشن میں دونوں بھارتی اوپنرز نے پویلین کی راہ لی۔

ٹیم کو پہلا نقصان 26 کے ٹوٹل پر مرلی وجے کی صورت میں پہنچا، وہ محض 10رنز بناکر جیتن پٹیل کی گیند پر شارٹ لیگ پوزیشن پر موجود ٹام لیتھم کا کیچ بنے، دو برس بعد پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے گوتم گمبھیر نے اگرچہ اچھا آغاز کیا لیکن کیوی پیسر ٹرینٹ بولٹ نے انھیں اپنے بچھائے ہوئے جال میں پھانس لیا، وہ 29رنز بناکر ایل بی ڈبلیو ہوئے، واضح رہے کہ بھارت پہلے ہی سیریز 2-0 سے اپنے نام کرچکا ہے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment