Print this page

ہاشم آملہ نے کمزور ویسٹ انڈین بولنگ اٹیک کی سٹی گم کردی

ایمزٹی وی (کھیل)  کپتان نے ڈبل سنچری سے جنوبی افریقہ کی پوزیشن کو انتہائی مستحکم بنادیا، اسٹیان وین زیل نے بھی ناقابل شکست سنچری سے اپنے ڈیبیو کو یادگار کیا۔

میزبان سائیڈ نے 5 وکٹ 552 رنز پر پہلی اننگز ڈیکلیئرڈ کی، ڈی ویلیئرز نے 152 رنز بنائے، اننگز بریک کے بعد بارش نے دوسرے دن کا باقی کھیل ہی نہیں ہونے دیا۔ تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقی کپتان ہاشم آملہ اور ڈی ویلیئرز نے دوسرے دن بھی اپنی شاندار بیٹنگ سے مہمان بولنگ اٹیک کی کلاس لینے کا سلسلہ جاری رکھا، دونوں کے درمیان چوتھی وکٹ کیلیے ریکارڈ 308 رنز کی شراکت کا خاتمہ لیفٹ آرم اسپنر سلیمان بین نے کیا، ان کی باہر جاتی ہوئی گیند کے آگے بیٹ کرنے کا نتیجہ ڈی ویلیئرز(152) کو پوائنٹ پر جرمین بلیک ووڈ کے ہاتھوں کیچ کی صورت میں بھگتنا پڑا۔ اب ہاشم آملا نے کیریئر کا پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے وین زیل کیساتھ اننگز کو آگے بڑھانا شروع کیا۔

وہ خود حریف بولرز کو سبق سکھانے کیساتھ نوجوان بیٹسمین کی بھی رہنمائی کرتے رہے، دونوں کے درمیان پانچویں وکٹ کیلیے 155 رنز کی شراکت ہوئی۔ ہاشم کو بھی سلیمان بین نے ہی قابو کیا، چھکا جڑنے کی کوشش میں وہ بائونڈری پر جیروم ٹیلر کے ہاتھوں کیچ ہوگئے، انھوں نے 371 بالز کا سامنا کرتے ہوئے 208 رنز بنائے، جس میں 22 چوکے شامل تھے۔ جب وین زیل نے اپنے پہلے ٹیسٹ میں سنچری مکمل کی تو آملا نے اننگز 5 وکٹ 552 رنز پر ڈیکلیئرڈ کردی، وین زیل نے 101 رنز ناٹ آئوٹ بنائے۔ اننگز بریک کے بعد موسم نے دوبارہ کھیل شروع ہونے کی مہلت نہیں دی۔

پرنٹ یا ایمیل کریں