ھفتہ, 23 نومبر 2024


آسٹریلیا پر وائٹ واش کا خطرہ منڈلانے لگا

ایمز ٹی وی (کھیل) جنوبی افریقا نے چوتھے ون ڈے میں بھی مہمان آسٹریلیا کو شکست دے کر 5 میچز کی سیریز میں 0-4 سے سبقت حاصل کرلی جب کہ کینگروز ٹیم پر وائٹ واش کا خطرہ منڈلانے لگا ہے۔

جنوبی افریقا کے شہر پورٹ الزبتھ کے جارج پارک اسٹیڈٰیم میں کھیلے گئے میچ میں کینگروز کپتان اسٹیون اسمتھ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو پوری ٹیم 36.4 اوورز میں 167 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئی جس کے جواب میں میزبان ٹیم نے ہدف باآسانی 35.3 اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔

ہدف کے تعاقب میں پروٹیز کے اوپننگ بلے باز ہاشم آملہ اور ڈی کوک ناکام رہے جنہوں نے بالترتیب 4 اور 18 رنز بنائے جب کہ سب سے زیادہ کپتان فاف ڈپلوسی نے 87 گیندوں پر 8 چوکوں کی مدد سے 69 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور جے پی ڈومنی 25 رنز بنا سکے۔ ریلے روسو 33 اور فرحان بہاردین 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ آسٹریلیا کی جانب سے کرس ٹریمن نے 2، ایڈم زمپا اور مچل مارش نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل آسٹریلوی بیٹنگ لائن جنوبی افریقی بولرز کے سامنے ریت کا دیوار ثابت ہوئی اور 7 کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی شامل نہ ہوسکے جب کہ میتھیو ویڈ 52، مچل مارش 50 اور کپتان اسٹیون اسمتھ 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ میزبان پروٹیز کی جانب سے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے کیل ایبٹ نے 4، تبریز شمسی 3، ایرون فنگیسو 2 اور ڈیوائن پریٹوریس نے ایک وکٹ حاصل کی۔ میچ میں بہترین کارکردگی پیش کرنے پر کیل ایبٹ کو مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا۔

جنوبی افریقا نے 5 میچز پر مشتمل سیریز میں مسلسل 4 کامیابیاں سمیٹ لیں جس کے بعد مہمان ٹیم پر وائٹ واش کا خطرہ منڈلانے لگا ہے۔ کرکٹ تاریخ میں آسٹریلیا کو 2 ہی مرتبہ وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا اور دونوں ہی مرتبہ انگلینڈ نے 2012 کی نیٹ ویسٹ سیریز اور 1997 کی ٹیکساکو ٹرافی میں وائٹ واش کیا تھا۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment