ایمز ٹی ی (کھیل) پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ٹیسٹ سیریز کی ٹرافی کی رونمائی کردی گئی جب کہ دونوں ٹیمیوں کے درمیان ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ آج دبئی میں کھیلا جائے گا۔
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ آج دبئی میں شروع ہورہا ہے تاہم پہلا ٹیسٹ اس لحاظ سے دلچسپ ہوگا کہ دونوں ٹیمیں کرکٹ کی تاریخ میں دوسرا ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کھیلنے کا اعزاز حاصل کریں گی۔ اس سے قبل کرکٹ کی تاریخ کا پہلا ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ گزشتہ نومبر میں نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان ہوا تھا۔ دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 4 بجے دونوں ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔
دوسری جانب پہلے ٹیسٹ میں کھلاڑیوں نے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کو خوش آئند اور خود کو تاریخ کا حصہ بننے کو اعزاز قرار دیا ہے جب کہ قومی ٹیم کی جانب سے بابر اعظم اور محمد نواز کو ٹیسٹ کیپ ملنے کا امکان ہے۔
ادھر لیگ اسپنر یاسر شاہ اب تک 16 میچز میں 95 وکٹ حاصل کرچکے ہیں اور اگر وہ اس ٹیسٹ میں 5 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوجاتے ہیں تو کم ٹیسٹ میچز میں وکٹوں کی سنچری بنانے والے بولر بننے کا اعزاز حاصل کرلیں گے۔
اس سے قبل پاکستان ور ویسٹ انڈیز کے درمیان ٹیسٹ سیریز کی ٹرافی کی رونمائی کی گئی۔ اسپانسرادارے کی جانب سے مقابلہ جیتنے والے ٹیکسی ڈرائیور ذابت خان نے بطور مہمان خصوصی ٹرافی کی رونمائی کی اور ان لمحات کو یادگار قرار دیا جب کہ ٹرافی کی رونمائی تقریب میں کپتان مصباح الحق اور ویسٹ انڈیز کے کپتان جیسن ہولڈر موجود تھے۔