ھفتہ, 23 نومبر 2024


ایشین چیمپئنز ٹرافی ہاکی کا اہم مرحلہ مکمل

ایمز ٹی ی (کھیل) ایشین چیمپئنز ٹرافی ہاکی کیلیے محمد عرفان کی قیادت میں قومی ہاکی ٹیم کا اعلان کر دیا گیا،ایشین ایونٹ کا افتتاحی میچ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان ہو گا جبکہ23 اکتوبر کو پاک بھارت معرکہ آرائی ہوگی، سلطان آف جوہر کپ کیلیے انڈر21 ٹیم کی کپتانی محمد دلبر کو سونپی گئی ہے، دونوں ٹیموں کے کوچز عمدہ کارکردگی کیلیے پُرعزم ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان سینئر اور جونیئر ہاکی ٹیموں کو رواں ماہ ملائیشیا میں شیڈول انٹرنیشنل ایونٹس میں بہتر کارکردگی کا چیلنج درپیش ہے، عوامی امیدوں پر پورا اترنے کیلیے پی ایچ ایف کی سلیکشن کمیٹی نے کھلاڑیوں کی کارکردگی اور فٹنس کا باریک بینی سے جائزہ لیتے ہوئے دونوں اسکواڈز کا اعلان کر دیا،کھلاڑیوں کا انتخاب جوہر ٹاؤن ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں شیڈول3پریکٹس میچزکی سیریز کے بعد کیا گیا، ٹرائلز کی نگرانی سلیکشن کمیٹی کے سربراہ رشید جونیئر نے دیگر سلیکٹرز فرحت خان، وسیم فیروز اور قاسم خان کے ہمراہ کی۔ قومی سینئر ٹیم کا حصہ بننے والے کھلاڑیوں میں عمران بٹ، امجد علی (گول کیپرز)، علیم بلال، محمد عرفان (کپتان)، عماد شکیل بٹ (ڈیفنڈرز)، راشد محمود، تصور عباس، نواز اشفاق، فرید احمد، توثیق ارشد، محمد رضوان (ہافس)، محمد عرفان جونیئر، عمر بھٹہ، ارسلان قادر، علی شان، اعجاز احمد، محمد رضوان سینئر اور عبدالحسیم خان فارورڈز شامل ہیں۔

حنیف خان ٹیم منیجر ہوں گے جبکہ خواجہ جنید ہیڈ کوچ، احمد عالم اسسٹنٹ کوچ اور ندیم لودھی ویڈیو اینالسٹ کی ذمہ داریاں نبھانے کے لیے ملائیشیا دیس جائیں گے۔ یاد رہے کہ چوتھی ایشین چیمپئنز ٹرافی 20 سے30 اکتوبر تک ملائیشیا کے شہر کوآنٹن میں کھیلے جائے گی۔

ایونٹ میں بھارت، اومان، پاکستان، چین، ملائیشیا اور جاپان کی ٹیمیں شریک ہوں گی، افتتاحی میچ پاکستان اور ملائیشیا کی ٹیموں کے درمیان ہو گا، اسی روز بھارت اور جاپان کا میچ بھی شیڈول ہے،21 اکتوبر کو پاکستانی ٹیم دوسرے میچ میں کوریا کے خلاف میدان میں اترے گی جبکہ ملائیشیا کا مقابلہ چین کے ساتھ رکھا گیا ہے، 22 اکتوبر کوبھارت، کوریا اور چین کی ٹیم جاپان کے خلاف میدان میں اترے گی۔ 23 اکتوبر کو ایونٹ کا سب سے بڑا مقابلہ روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہوگا، دونوں ٹیموں کے کپتان یہ مقابلہ اپنے نام کرنے کے دعوے بھی کر چکے ہیں، اسی روز ملائیشیا اور جاپان کا میچ بھی رکھا گیا ہے۔

24 اکتوبر کو صرف ایک میچ کوریا اور چین کے درمیان کھیلا جائے گا۔ 25 اکتوبر کو پاکستانی ٹیم جاپان کے خلاف میچ کھیلے گی جبکہ بھارت کا مقابلہ چین کے ساتھ ہوگا۔ اگلے روز کوریا اور جاپان جبکہ ملائیشیا اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان مقابلے ہوں گے۔ 27 اکتوبر کو پاکستان کا مقابلہ چین کے ساتھ ہوگا جبکہ کوریا کی ٹیم ملائیشیا کے خلاف ایکشن میں دکھائی دے گی، 28 اکتوبر کو آرام کے دن کی وجہ سے کوئی میچ نہیں ہوگا جبکہ 29 اکتوبر کو دونوں سیمی فائنل کے ساتھ پانچویں اور چھٹی پوزیشن کا میچ بھی ہوگا۔ ٹرافی کا فائنل30 اکتوبر کو رکھا گیا ہے۔

ادھر ملائیشیا میں ہی شیڈول سلطان آف جوہر کپ کے لیے بھی انڈر21 ٹیم کا اعلان کر دیا گیا، پی ایچ ایف کی سلیکشن کمیٹی کی طرف سے منتخب کھلاڑیوں میں علی رضا، طلال خالد (گول کیپرز)، عاطف مشتاق، حسن انور، مبشر علی (فل بیکس)، عماد شکیل بٹ، ابوبکر محمود، فیضان، جنید کمال، تعظیم الحسن (ہافس) جبکہ فارورڈز میں شان ارشاد، اظفر یعقوب، محمد دلبر (کپتان)، محمد عتیق، بلال قادر، محسن صابر، رانا سہیل ریاض، سمیع اللہ، محمد رضوان اور عمر حامدی شامل ہیں۔ بریگیڈیئر (ر) مختار فارانی ٹیم منیجر ہوں گے، طاہر زمان ہیڈ کوچ، ذیشان اشرف اور محمد عرفان اسسٹنٹ کوچز اور زاہد ویڈیو اینالسٹ کی ذمہ داری نبھائیں گے۔ یاد رہے کہ سلطان آف جوہر ہاکی کپ ملائیشیا کے شہر جوہر بارو میں 31 اکتوبر سے شروع ہو گا اور 6 نومبر تک کھیلا جائے گا، ایونٹ میں پاکستان کے یساتھ جاپان، نیوزی لینڈ،آسٹریلیا اور ملائیشیا کی ٹیمیں شامل ہیں۔ادھر پاکستان اور جونیئر ہاکی ٹیموں کے کوچز ایونٹس میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کیلیے پُرامید ہیں۔

پاکستان سینئر ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ خواجہ جنید نے کہا کہ بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم کا انتخاب ہوا، ایونٹ کے دوران نہ صرف بھارت بلکہ دیگرحریفوں کو بھی شکست دینے کا عزم لیے میدان میں اتریں گے۔ پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم کے چیف کوچ طاہر زمان نے کہا کہ سلطان آف جوہر کپ میں دنیا کی بہترین ٹیمیں شریک لیکن ہمارے کھلاڑیوں کے بھی حوصلے بلند اور وہ عمدہ کارکردگی کیلیے پُرعزم ہیں۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment