ھفتہ, 23 نومبر 2024


ون ڈے رینکنگ میں بابر اعظم کا شاندار اعزاز

ایمز ٹی وی (کھیل) ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز میں سنچریوں کی ہیٹ ٹرک بنانے والے پاکستانی بیٹسمین بابراعظم 57 درجے کی چھلانگ لگاکرٹاپ 20 میں شامل ہوگئے، انھیں 15ویں پوزیشن ملی، بیٹنگ میں کپتان اظہرعلی اور سرفراز کا سفر بلندی کی جانب گامزن، بولنگ میں عماد وسیم اور وہاب ریاض کی ترقی جبکہ عرفان کو تنزلی کا سامنا رہا۔

تفصیلات کے مطابق نئی آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز میں سنچریوں کی ہیٹ ٹرک بنانے والے پاکستانی بیٹسمین بابراعظم 57 درجے کی چھلانگ لگاکر ٹاپ 20 میں شامل ہوگئے، انھیں 15ویں پوزیشن ملی، کپتان اظہر علی ترقی کے 3 زینے طے کرنے کے بعد 29ویں نمبر پر براجمان ہوگئے، جنوبی افریقی بیٹسمین ریلی روسیو نے ایک ہی جست میں 30 درجے بہتری ملنے پر 32 ویں پوزیشن ہتھیالی، وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد نے 36 ویں پوزیشن پائی، انھیں 2 درجے ترقی ملی۔

ٹاپ ٹین میں جنوبی افریقی اسٹار ابراہم ڈی ویلیئرز اور بھارت کے ویرات کوہلی نے پہلی اور دوسری پوزیشنز برقرار رکھیں، آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر ایک ہی جست میں 9 درجے کی چھلانگ لگاکر تیسری پوزیشن پر براجمان ہوگئے، کوائنٹن ڈی کک نے چوتھی پوزیشن سنبھالی، انھوں نے ترقی کے 5 زینے طے کیے، کین ولیمسن بدستور پانچویں اور کیوی اوپنر مارٹن گپٹل چھٹے نمبر پر رہے، روہت شرما نے بھی ساتویں پوزیشن پر قدم جمائے رکھے، ہاشم آملا 5 درجے تنزلی کے بعد آٹھویں نمبرپر چلے گئے، جوئے روٹ کو بھی اتنے ہی قدم پیچھے ہٹنا پڑا ، وہ نویں نمبر پر گئے، شیکھردھون بھی 2 قدم پسپائی کے بعد 10ویں نمبر پر آئے۔

بولنگ میں محمد عرفان 4 درجے تنزلی کا شکار ہوکر15ویں نمبر پر چلے گئے، وہاب ریاض نے 12 درجے کی بہتری پاتے ہوئے39ویں پوزیشن حاصل کرلی، عماد وسیم 16 درجے ترقی ملنے پر 70ویں پوزیشن پر فائز ہوگئے، افغان بولر راشد خان نے ایک ہی جست میں 33 درجے کی بہتری ملنے پر 43ویں پوزیشن اپنے نام کرلی، اس کے علاوہ کیوی پیسر ٹرینٹ بولٹ نے سنیل نارائن سے پہلی پوزیشن چھین لی، ویسٹ انڈین اسپنر کو تنزلی کے بعد دوسری پوزیشن پر اکتفا کرنا پڑا۔

عمران طاہر 2 درجے بہتری ملنے پر تیسری پوزیشن پر فائز ہوگئے، مچل اسٹار ایک قدم پیچھے ہٹنے پر چوتھی پوزیشن پر چلے گئے، میٹ ہنری نے ترقی ملنے پر پانچویں پوزیشن حاصل کی، وہ ایک درجہ بہتری پانے میں کامیاب ہوئے، شکیب الحسن 2 درجے تنزلی کے بعد چھٹے اور انگلش اسپنر عادل رشید 3 درجے بہتری پانے پر ساتویں پوزیشن پرآگئے، کیگاسو ربادا نے تنزلی کے بعد آٹھواں نمبر پایا، بنگلہ کپتان مشرفی مرتضیٰ 6 درجے ترقی ملنے پر نویں نمبر پہنچ گئے، افغان بولر محمد نبی کو 12 درجے ترقی نے ٹاپ ٹین کا آخری شریک بنوادیا۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment