ایمز ٹی وی (اسپورٹس) سابق ٹیسٹ کرکٹر شعیب محمد نے کہا ہے کہ پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں اپنی گرفت مضبوط کرلی،اگر یاسر شاہ کا جادو چل گیا تو حریف ٹیم فالوآن کا شکار بھی ہو سکتی ہے۔
کھیل پر تبصرہ کرتے ہوئے شعیب محمد نے کہا کہ میں نے پہلے دن کہا تھا کہ پاکستان450 رنز اسکور کرکے ویسٹ انڈیز کو دباؤ میں لاسکتاہے، قومی ٹیم نے سرفراز احمد کی ذمہ دارانہ بیٹنگ سے تقویت پا کرپہلی اننگز میں پوزیشن بہتر کرلی، بدقسمتی مصباح الحق کے آڑے آگئی اور وہ سنچری مکمل نہ کرسکے، البتہ انھوں نے یونس کی ہمراہی میں پاکستانی پوزیشن مستحکم کرکے اپنا کردار ادا کیا۔
ویسٹ انڈیز نے جوابی اننگز کا آغاز بہتر کیا لیکن وہ اتنے بڑے اسکور کا تعاقب کرنے کی استعداد نہیں رکھتی، کھیل کے آخری دو اوورز میں 2 وکٹیں گنوا کر کیریبیئنز مزید دباؤ میں آ چکے، تیسرے دن صبح کا سیشن اہم ہوگا، مہمان ٹیم کا کوئی ایک بیٹسمین وکٹ پر اپنا قیام طویل کرسکتا ہے لیکن ہمارے بولرز میں اتنی صلاحیت ہے کہ وہ فالوآن سے بچنے کیلیے کوشاں کالی آندھی کو250 رنز تک قابو کر لیں،اس حوالے سے یاسرشاہ پر اہم ذمہ داری عائد ہوگی