ھفتہ, 23 نومبر 2024


بنگال ٹائیگرز کا خواب چکنا چور

 

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)بانی کرکٹ انگلینڈ نے پہلے ٹیسٹ میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد بنگلہ دیش کو 22 رنز سے شکست دے کر بنگال ٹائیگرز کا ٹیسٹ میچ جیتنے کا خواب چکنا چور کر دیا ہے۔ انگلینڈ نے بنگلہ دیش کو جیت کیلئے 279 رنز کا ہدف دیا تھا تاہم پوری ٹیم 263 رنز ہی بنا سکی۔ بین اسٹاکس کو بیٹنگ اور باﺅلنگ دونوں شعبوں میں بہترین کارکردگی دکھانے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش ظہور احمد چوہدری اسٹیڈیم چٹاگانگ میں کھیلے گئے میچ کے چوتھے روز کے اختتام پر بنگلہ دیش نے 279 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 253 رنز بنا لئے تھے اور جیت کیلئے صرف 33 رنز درکار تھے۔بنگلہ دیش کی واحد امید صابر رحمان تھے جو 59 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے جبکہ دوسری جانب تیج الاسلام 11 رنز کے ساتھ ان کا ساتھ دے رہے تھے۔
پانچویں روز بنگلہ دیشی کھلاڑی دن کو یادگار بنانے کا خواب لئے میدان میں اترے لیکن تمام خواب چکنا چور ہو گیا اور پوری ٹیم 263 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی۔ بنگلہ دیش کے تین کھلاڑی 33 رنز کے تعاقب میں محض 10 رنز ہی بنا سکے اور یوں ایک تاریخی فتح سے محروم ہو گئے۔ دوسری اننگز میں بنگلہ دیش کی جانب سے تمیم اقبال نے 9، امر القیس نے 43، مومن الحق نے 27، محمود اللہ نے 17، شکیب الحسن نے 24، مشفیق الرحیم نے 39 اور مہدی حسن مرزا نے 1 سکور بنایا جبکہ قمرالاسلام بغیر کوئی سکور بنائے آﺅٹ ہو گئے۔
برطانوی ٹیم کی جانب سے بین سٹوکس نے بہترین باﺅلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ معین علی نے 3، عادل راشد نے 2 اور گیریتھ بیٹی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment