ایمزٹی وی(کھیل) ٹیسٹ کرکٹرز احمد شہزاد اور عمر اکمل پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں تنزلی پر دل برداشتہ ہو گئے ہیں،دونوں کرکٹرز پی سی بی حکام سے تنزلی پر بات کریں گے۔
احمد شہزاد اور عمر اکمل کے ستارے گردش میں ہیں،دونوں کرکٹرز پی سی بی کے اعلیٰ حکام اور سلیکشن کمیٹی کے دلوں میں گھر کرنے اور ٹیم میں جگہ بنانے میں ناکام ہیں ، گزشتہ ہفتے پی ایس ایل کی پلاٹینم کٹیگری میں منتخب ہوتے ہیں ،لیکن پی سی بی کے سینٹرل کنٹریکٹ میں ان کی تنزلی کر دی جاتی ہے ۔
اوپنر احمد شہزادکو بی جبکہ مڈل آرڈر بیٹسمین عمر اکمل کو سی سے ڈی کٹگری میں پھینک دیا گیا ہے، دونوں کرکٹرز سلیکشن کمیٹی کے رویے سے نالاں ہیں۔
کرکٹرز کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ کرکٹرز کا خیال ہے کہ سلیکشن کمیٹی کے ناروا سلوک سے ان کی تذلیل کی گئی ہے، ایک طرف ان فٹ حارث سہیل جنہوں نے اپنا آخری میچ 29 مئی 2015 ءکو کھیلا انہیں سی میں برقرار رکھا جاتا ہے اور ٹیسٹ کرکٹرز کی تنزلی کر دی جاتی ہے ۔