ایمز ٹی وی (کھیل) سابق کرکٹرز’منہ پھٹ‘ کینگروز کو اخلاقیات کا سبق پڑھانے لگے، مائیکل کلارک اور بریڈ ہیڈن نے آسٹریلیا کو جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں صرف کھیل پر توجہ دینے کا مشورہ دے دیا، کلارک نے کہاکہ آپ صرف بدزبانی سے مقابلے نہیں جیت سکتے، بریڈ ہیڈن کے مطابق کبھی کبھی حریف پلیئرز کو غصہ دلانے کا بھیانک نتیجہ بھی برآمد ہوسکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ میں ون ڈے سیریز میں وائٹ واش کی خفت سے دوچار ہونے کے بعد آسٹریلوی ٹیم اب دباؤ کا شکار ہے، کپتان اسٹیون اسمتھ کھلاڑیوں کو حکم دے چکے کہ وہ کامیابی کے لیے فیلڈ میں اپنی تمام توانائیاں صرف کردیں، ان کی میدان میں موجودگی کا سب کو احساس ہونا چاہیے، ان کا صاف مطلب فقرے بازی اور حریف ٹیم کو غصہ دلاکر غلطیوں پر اکسانے کے لیے تھا، البتہ سابق کپتان مائیکل کلارک اور بریڈ ہیڈن نے خبردار کیاکہ ایسی چیزوں پر حد سے زیادہ توجہ ٹیم کو اپنے مقصد سے بھٹکا سکتی ہے۔ مائیکل کلارک نے کہاکہ میں نے جس انداز میں کپتانی کی اس پر فخر ہے، میں بھی جارحانہ انداز پسند کرتا تھا مگر کبھی اس حوالے سے متعین لائن کو عبور نہیں کیا، جب میں زیادہ تجربہ کار ہوتا گیا تو مجھے احساس ہواکہ ہم جو کہتے ہیں اس کی کوئی اہمیت نہیں بلکہ اصل چیز فیلڈ میں پیش کردہ پرفارمنس ہے، کسی بھی صورت بدزبانی کو اپنے کھیل پر حاوی نہیں ہونے دینا چاہیے۔
سابق کرکٹر بریڈ ہیڈن نے کہاکہ ایسی چیزیں نقصان دہ بھی ہوسکتی ہیں، انھوں نے انگلینڈ کے سابق کرکٹرکیون پیٹرسن کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ جب بھی ہم میں سے کوئی ان پر فقرے کستا تو وہ اس کو اپنی ذات پر لیتے اور انتہائی غصے میں آکر ہمیں گراؤنڈ میں ادھر ادھر ہٹ کرناشروع کردیتے تھے، اسی لیے حد سے زیادہ فقرے بازی کا نتیجہ الٹ بھی ثابت ہوسکتا ہے۔
کینگروز میں نیا تنازعہ کھڑا ہوگیا
Leave a comment