ایمز ٹی وی (کھیل) پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان کو بلیک میل کرنے والے شخص کو عدالت نے 16 ماہ قید کی سزا کا حکم سنا دیا جب کہ تعاون کرنے پر عدالت نے عامر خان کی تعریف بھی کی۔
برطانوی میڈیا کے مطابق عالمی شہرت یافتہ باکسر عامر خان کو بلیک میل کرنے کے مقدمے میں عدالت نے ملزم حمزہ دین کو 16 ماہ قید کی سزا سنا دی۔ بولٹن کراؤن کورٹ نے مقدمے کی سماعت کے دوران عامر خان کی جانب سے تعاون کرنے پر ان کی تعریف کی جب کہ ملزم کو ذہنی مریض قرار دیتے ہوئے اسے 16 ماہ کی قید کا حکم دیا۔
27 سالہ ملزم حمزہ دین نے عامر خان کو ای میل کے ذریعے کہا تھا کہ اس کے پاس ان کی خاتون کے ساتھ کچھ نازیبا ویڈیوز ہیں اگر انہوں نے مطلوبہ رقم نہ دی تو وہ ویڈیوز میڈیا کو دے دیں گے جس کے بعد باکسر عامر خان کے منیجر نے نوجوان کی بلیک میلنگ پر مبنی ای میل پولیس کو دی گئی جس پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے ملزم کو حراست میں لے لیا تھا۔ ملزم حمزہ دین کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ایسی کوئی ویڈیو موجود نہیں جس سے یہ بات ثابت ہو کہ باکسر عامر خان کو بلیک میل کیا گیا ہو تاہم عدالت نے قرار دیا کہ ملزم حمزہ دین کی جانب سے عامر خان پر لگائے گئے الزامات ثابت نہیں ہوتے جب کہ ملزم کا ذہنی توازن درست معلوم نہیں ہوتا اس لئے انہیں علاج کی ضرورت ہے۔
عدالت کی جانب سے ملزم کو سزا سنائے جانے کے بعد عامر خان کے وکیل کی جانب سے عدالت میں ان کا بیان پڑھ کر سنایا گیا جس میں کہا گیا کہ ملزم کو جیل میں بھیجنے سے بہتر ہے کہ اس کا علاج کرایا جائے۔
باکسر عامر خان کو بلیک میل کرنے والے شخص کے لیے بڑا فیصلہ آگیا
Leave a comment