ایمز ٹی وی (کھیل) بیٹنگ کا گراف نیچے گرنے پر مکی آرتھر بھی مایوس ہوگئے،ہیڈ کوچ کا کہنا ہے کہ اپنے معیار سے کم تر کھیل پیش کرتے ہوئے حریف کو حاوی ہونے کا موقع فراہم کردیا، دورئہ نیوزی لینڈ وآسٹریلیا میں بہترکھیل کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق شارجہ ٹیسٹ میں چوتھے روزکا کھیل ختم ہونے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہاکہ گذشتہ 2 ماہ میں پاکستان نے تینوں فارمیٹ میں اچھی کرکٹ کھیلتے ہوئے فتوحات سمیٹیں، آخری میچ شروع ہونے سے قبل محسوس ہوتا تھا کہ اپنا مشن مکمل کرلیا لیکن اس بار حالات مختلف ہوگئے، بیٹنگ کا گراف نیچے آنا مایوس کن تھا، میزبان کھلاڑیوں نے اپنے معیار سے کم ترکھیل پیش کرتے ہوئے حریف کو حاوی ہونے کا موقع فراہم کردیا۔
ہیڈ کوچ نے کہا کہ ہم اب بھی جیت کی امید کرسکتے ہیں،2 وکٹوں کا جلد حصول منزل کے قریب لے آئے گا لیکن اگر گرین کیپس نے پہلی اننگز میں بڑا اسکور کیا ہوتا تو دباؤ کا شکار ہوتے نہ یہ نوبت آتی،سازگار کنڈیشنز میں بھی اس طرح کے حالات میں ہونا بڑا عجیب لگتا ہے۔ہیڈ کوچ نے کہا کہ طویل دورئہ انگلینڈ کے بعد یواے ای میں سیریز سے قبل زیادہ وقفہ نہیں تھا لیکن کھلاڑیوں نے میچز اور سیریز میں بڑی محنت کی، بس آخر میں سہل پسندی کا شکار ہوگئے۔
آرتھر نے کہا کہ نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا میں کنڈیشنز قطعی مختلف ہونگی، ہمیں تازہ دم ہوکر اپنی حکمت عملی ترتیب دینا اور بہتر کھیل کا مظاہرہ کرنا ہوگا، ان ٹورز میں اچھی کارکردگی سے ہماری آئندہ سمت کا تعین بھی ہوجائے گا،امید ہے کہ کیویز کے دیس میں میسر آنے والے وارم اپ میچ میں کھلاڑی میزبان ملک کی کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہوجائیں گے۔