ھفتہ, 23 نومبر 2024


شمالی کوریا کے گول کیپر کے لیے بری خبر آگئی

ایمز ٹی وی (کھیل) ایشین فٹبال کنفیڈریشن (اے ایف سی) نے شمالی کوریا کی انڈر16 ٹیم کے گول کیپر پر دانستہ طور پر اپنی ٹیم کے خلاف گول کروانے کے جرم میں ایک سال کی پابندی لگا دی ہے۔

اس کے علاوہ کنفیڈریشن نے ٹیم کے مینیجر پر بھی جرمانہ عائد کیا ہے۔

شمالی کوریا کے گول کیپر پر الزام ہے کہ انھوں نے آنے والے مقابلے میں آسان حریف حاصل کرنے کے لیے دانستہ طور پر اپنی ہی ٹیم کے خلاف گول ہونے دیے۔

خیال رہے کہ گول کیپر جانگ پائک نے ستمبر میں ازبیکستان کے خلاف میچ میں دانستہ طور خراب کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا اور شمالی کوریا کی ٹیم وہ میچ ایک کے مقابلے میں تین گول سے ہار گئی تھی۔

اے ایف سی کا کہنا ہے کہ ینگ جونگ سو اور جانگ کی وجہ سے یہ میچ بدنام ہوا تھا کیونکہ انھوں نے دانستہ طور پر گول کھائے تھے۔

مینیجر ینگ پر چار ہزار پاؤنڈ کا، جانگ پر 800 پاؤنڈ جب کہ شمالی کوریا فٹبال ایسوسی ایشن پر 16 ہزار پاؤنڈ کا جرمانہ کیا گيا ہے۔

میچ میں یہ دیکھا گیا کہ جب فٹبال گول پوسٹ کی جانب جا رہی تھی تو جانگ کے پاس گول بچانے کا پورا موقع تھا لیکن انھوں نے گیند تک پہنچنے سے پہلے ہی خود کو گرا لیا اور حریف ٹیم کو ایک صفر کی سبقت دلا دی۔

ازبکستان کی جیت کا مطلب تھا کہ اس کا اگلا میچ عراق سے ہوگا جو کہ بالآخر کوارٹر فائنل میں فاتح کے طور پر ابھری۔

ازبکستان سے شکست کھانے کے بعد شمالی کوریا اپنے گروپ میں دوسرے نمبر پر رہی اور اس کا مقابلہ کوارٹرفائنل میں عمان سے ہوا اور پھر سیمی فائنل میں وہ ایران کے ساتھ پینلٹی شوٹ آوٹ میں شکست سے دوچار ہوئی۔

خیال رہے کہ جن چار ٹیموں نے سیمی فائنل میں شرکت کی وہ اب انڈیا میں چھ سے 28 اکتوبر کے درمیان ہونے والے انڈر 17 ورلڈ کپ میں شرکت کر سکیں گیں۔ اے ایف سی نے فیصلہ کیا ہے کہ شمالی کوریا اس ٹورنامنٹ میں حصہ تو لے گی لیکن گول کیپر جانگ اور مینیجر ینگ شرکت نہیں کر سکیں گے۔

تنظیم کا کہنا ہے کہ اگر اس ٹیم نے پھر سے اس طرح کی کوئی بات کی تو اسے سنہ 2018 میں ہونے والی اے ایف سی انڈر 19 مقابلے سے نکال دیا جائے گا۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment