ایمز ٹی وی (کھیل) پاکستان کرکٹ بورڈ نے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کی جانب ایک اور پیش قدمی کرتے ہوئے پاکستان سپر لیگ کا فائنل سات مارچ کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کرانے کا اعلان کیا ہے۔ تاہم فائنل کو سیکیورٹی کلیئرنس سے مشروط کیا گیا ہے۔
دو سال پہلے زمبابوے نے لاہور میں ون ڈے اور ٹی ٹوئینٹی میچ کھیلے تھے۔ ملک میں تیزی سے بہتر ہوئی صورتحال کے بعد پی ایس ایل حکام نے اہم پیش رفت کی ہے۔
بدھ کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپرلیگ کے دوسرے ایڈیشن کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے۔ ٹورنامنٹ کے گروپ میچ اور پلے آف متحدہ عرب امارات کے میدانوں دبئی، شارجہ میں ہوں گے۔
بیس گروپ میچوں کے بعد پلے آف ہوں گے۔پہلے سال ابوظبی نے کسی میچ کی میزبانی نہیں کی تھی۔ دوسرے سال بھی شیخ زائد اسٹیڈیم کو نظر انداز کیا گیا ہے۔ لاہور میں فائنل میچ کے لئے کم از کم آٹھ غیر ملکی کھلاڑیوں کی پاکستان آمد ضروری ہے۔
ٹورنامنٹ کے قوانین کے مطابق ہر ٹیم میں سات غیر ملکی ہوتے ہیں اور میچ میں چار غیر ملکیوں کی شرکت لازمی ہے۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ پہلے سال ٹورنامنٹ کی زبردست مقبولیت کے بعد ٹورنامنٹ سولہ کے بجائے اٹھارہ دن میں ختم ہوگا۔
افتتاحی تقریب دبئی اسٹیڈیم میں9فروری کو ہوگی۔ نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ شائقین بڑی تعداد میں فائنل میں آئیں گے اور ٹورنامنٹ میں غیر ملکی مہمانوں کا خیر مقدم کریں گے۔
افتتاحی میچ دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کے درمیان کھیلا جائے گا۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ غیر ملکی کھلاڑیوں کی شرکت کو یقینی بنانے کے لئے فرنچائز نے کھلاڑیوں سے معاہدے کئے ہیں۔ زیادہ تر کھلاڑی لاہور آنے پر رضامند ہیں۔ انہیں اضافی معاوضہ دیا جائے گا اور غیر ملکیوں کی انشورنس بھی کرائی جائے گی۔