ایمز ٹی وی (کھیل) پی سی بی نے ایک اورگرجتی توپ کو خاموش کرانے کا اہتمام کرلیا، سخت ناقدین میں شمار کیے جانے والے محمد یوسف نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بطور بیٹنگ کنسلٹنٹ کام کرنے کیلیے تیار ہوگئے، ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق کپتان کے ساتھ معاملات طے پاگئے ہیں، ایک سال کا معاہدہ کیا جائے گا، چند روز میں ذمہ داریاں سنبھال لیں گے،منگل کوگورننگ بورڈ کے اجلاس میں وکیل فیس کا تنازع بھی ٹھپ کیے جانے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی سی بی کی پالیسی رہی ہے کہ جو سابق کرکٹر میڈیا میں بڑھ چڑھ کر اس کے خلاف باتیں کرے اسے ملازمت دے کر ساتھ ملا لو، اب محمد یوسف کے ساتھ بھی ایسا ہو رہا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق کپتان کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں بیٹنگ کنسلٹنٹ مقرر کرنے کیلیے معاملات طے پاگئے ہیں،انھیں ایک سال کا کنٹریکٹ دیا جا رہا ہے،
وہ اس سے قبل پشاور زلمی کی اکیڈمی میں جونیئرز کی کوچنگ کرچکے تاہم این سی اے سے باقاعدہ طور پر پہلی بار وابستہ ہوںگے،نجی مصروفیات ختم ہونے کے بعد یوسف چند روز میں اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیںگے۔
ان کا کہنا ہے کہ میں نئے ٹیلنٹ اور بیٹنگ میں پاکستان کا مستقبل سمجھے جانے والے کھلاڑیوں کی رہنمائی کرنے میں خوشی محسوس کروں گا، ذرائع کے مطابق 42سالہ سابق بیٹسمین کا پی سی بی کے ساتھ وکیل کی فیس کے حوالے سے تنازع بھی گورننگ بورڈ کے اجلاس میں ٹھپ کیے جانے کا امکان ہے، انڈین کرکٹ لیگ کے منتظمین نے معاہدے کی خلاف ورزی پر محمد یوسف کو قانونی نوٹس بھجوایا جس کے جواب کیلیے وکیل پر پی سی بی کے 17لاکھ خرچ ہوئے تھے،آڈٹ میں ان کو کسی کھاتے میں نہیں ڈالا جا سکا تھا۔یاد رہے کہ 1998میں ڈیبیو کرنے والے محمد یوسف نے 90ٹیسٹ کھیل کر 7530 جبکہ288 ون ڈے میچز میں 9720رنز بنائے تھے۔