ایمز ٹی وی (کھیل) سلیکٹرز کے ٹھکرائے فواد عالم نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں 10 رنز مکمل کرلیے، مڈل آرڈر بیٹسمین نے قائد اعظم ٹرافی کے ساتویں مرحلے میں ایچ بی ایل کے خلاف سوئی سدرن گیس کی نمائندگی کرتے ہوئے گذشتہ روز ناقابل شکست108 کی اننگز کھیل کر یہ سنگ میل عبور کیا۔
تفصیلات کے مطابق ٹیموں کا انتخاب کرتے وقت باصلاحیت کھلاڑیوں کو نظر انداز کرنا کوئی نئی بات نہیں، سلیکٹرز کی من مانیوں کی وجہ سے قومی ٹیم ورلڈکپ 1992 کے بعد یہ ٹائٹل اپنے نام کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکی، گرین شرٹس 2009 کے بعد سے ورلڈ ٹوئنٹی20 چیمپئن بھی نہیں بن سکے، اس وقت صورت حال یہ ہے کہ پاکستانی ٹیم ون ڈے عالمی رینکنگ میں آٹھویں اور ٹوئنٹی20 میں ساتویں نمبر پر ہے، ماضی کی طرح باصلاحیت کھلاڑیوں کو نظر انداز کرنے کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔
فواد عالم ڈومیسٹک کرکٹ میں مسلسل عمدہ کارکردگی کے باوجود تاحال قومی ٹیم میں دوبارہ جگہ بنانے میں کامیاب نہیں ہو سکے ہیں۔ قائد اعظم ٹرافی کے ساتویں مرحلے میں ایچ بی ایل کے خلاف سوئی سدرن گیس کی نمائندگی کرتے ہوئے گذشتہ روز مڈل آرڈر بیٹسمین نے ناقابل شکست 108 رنز کی اننگز کھیلی تو وہ 10 ہزار سے زیادہ رنز بنانے والے پاکستان کے بڑے بیٹسمینوں میں اپنا نام لکھوا چکے تھے، فواد عالم نے 132فرسٹ کلاس میچز میں 25 سنچریز اور 53 ففٹیز سمیت 10077 رنز بنائے ہیں، ان کا زیادہ سے زیادہ اسکور 210 رہا،31 سالہ فواد عالم اب تک 3 ٹیسٹ، 38 ایک روزہ اور 24 ٹوئنٹی20 میچز میں قومی ٹیم کی نمائندگی بھی کر چکے ہیں۔
قومی آل راؤنڈر نے نومبر 2009 میں نیوزی لینڈ کیخلاف ڈوینڈن ٹیسٹ جبکہ اپریل 2015 کو بنگلہ دیش کیخلاف ڈھاکا میں ہونیوالے ایک روزہ میچ میں آخری بار قومی ٹیم کی نمائندگی کی تھی، وہ دسمبر2010کو آکلینڈ میں نیوزی لینڈ کیخلاف میچ کے بعد کوئی ٹوئنٹی20 میچ نہیں کھیلے۔