ایمز ٹی وی (کھیل) محمد حفیظ ’’کیریئر بچاؤ‘‘ مشن پر آسٹریلیا روانہ ہو گئے، ان کے غیرقانونی بولنگ ایکشن کی جانچ جمعرات کوبرسبین کے لیب میں ہوگی، ان کا کہنا ہے کہ کلیئرنس پانے کے بعد پہلے سے بہتر کارکردگی دکھاتے ہوئے نمبر ون آل راؤنڈر کا اعزاز پانے کیلیے پُرعزم ہوں۔
تفصیلات کے مطابق محمد حفیظ گذشتہ سال بولنگ ایکشن رپورٹ کیے جانے کے بعد چنئی میں بائیومکینک ٹیسٹ کلیئر نہیں کرسکے تھے، آئی سی سی کی جانب سے ان کی بولنگ پر12ماہ کیلیے پابندی عائد کردی گئی تھی، یہ مدت رواں سال جولائی میں ختم ہوگئی تاہم فٹنس مسائل کے باعث وہ ٹیسٹ کیلیے تیارنہیں تھے، دورئہ انگلینڈ میں بیٹنگ فارم روٹھی رہی،انجری کا بھی شکار ہوئے اور 24ستمبر کو ساؤتھمپٹن میں کھیلے گئے پہلے میچ کے بعد وطن واپس آگئے،فٹنس بحال ہونے پر انھیں ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز میں بطور بیٹسمین شامل کرنے سے بھی گریز کیا گیا،اس دوران محمد حفیظ کو بولنگ ایکشن کی اصلاح کیلیے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں کام کرنے کا موقع مل گیا۔
اس سے قبل دورئہ انگلینڈ میں چند روز کیلیے سابق انگلش کوچ اوربائیومکینسٹ کارل کروکی خدمات بھی حاصل کی گئی تھیں، برسبین کی بائیومکینکس لیب میں ٹیسٹ کیلیے آئی سی سی کی طرف سے 17نومبرکی تاریخ مقرر کی گئی ہے جس کیلیے آل راؤنڈر آسٹریلیا روانہ ہوگئے، ٹیسٹ کی رپورٹ 14 روزمیں موصول ہوگی۔ روانگی سے قبل گفتگو کرتے ہوئے محمد حفیظ نے کہاکہ کافی محنت کے بعد پُر امید ہوں کہ ایکشن کلیئر کرانے میں کامیاب ہوجاؤں گا،اصلاح کے باوجود پہلے سے بہتر بولنگ کررہا ہوں، کاٹ بھی موجود ہے، کلین چٹ ملتے ہی دوبارہ بہترین بولنگ کرتے ہوئے عالمی نمبر ون آل راؤنڈر بننے کیلیے پُرعزم ہوں۔ واضح رہے کہ چیئرمین پی سی بی شہریارخان بھی کہہ چکے کہ اگر حفیظ نے ٹیسٹ کلیئر نہ کیا تو ٹیم میں دوبارہ ان کی واپسی مشکل ہے۔