ایمزٹی وی(کھیل) پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان جاری 2 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں میزبان کیویز نے گرین شرٹس کو 8وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
اس جیت کے ساتھ کیوی ٹیم نے سیریز میں 0-1 کی برتر ی بھی حاصل کر لی ہے۔میچ کے چوتھے دن پاکستان نے اپنی دوسری اننگز 129رنز 7وکٹوں پر دوبارہ شروع کی ،تو ان کی پوری ٹیم 171 رنز پر آوٹ ہوگئی۔سہیل خان 40 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے تھے۔
نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 105 رنز کا ہدف ملا، جو انہوں نے با آسانی2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ ٹیم کی جانب سے کپتان کین ولیمسن نے61رنز اسکور کیے،جبکہ جیت راول36رنزبنا کر ناٹ آوٹ رہے۔پہلے آوٹ ہونے والے بیٹسمن ٹام لیتھم تھے وہ محمد عامر کی گیند پر اسد شفیق کو کیچ دے بیٹھے،جبکہ ولیمسن61 رنز بنا کر اظہر علی کے ہاتھوں آوٹ ہوئے ہیں۔کولن ڈی گرینڈ ہوم میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے گئے۔کرائسٹ چرچ کے ہیگلے اوول گراونڈ میں کھیلے جارہے میچ کے تیسرے روز نیوزی لینڈ نے 104 رنز 3 کھلاڑی آوٹ سے اننگز کا آغاز کیا تو پاکستانی باولرز نے بہترین باولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پوری کیوی ٹیم کو 200 رنز پر ڈھیر کر دیا۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ہینری نیکولس نے 30، جیت راول نے55، گرینڈ ہوم نے 29، ٹیم سادھی نے 22، نیل ویگنر نے 21 اور بی جے واٹلنگ نے 18، ٹام لاتھم نے 1، کین ولیم سن نے 4، راس ٹیلر نے 11 اور ٹرینٹ بولٹ نے 3 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے راحت علی نے سب سے زیادہ 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد عامر اور سہیل خان نے 3,3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ پاکستان نے 67 رنز کے خسارے کے ساتھ دوسری اننگز کا آغاز کیا تو بلے باز پہلی اننگز کی طرح ڈگمگاتے ہی نظر آئے اور ایک کے بعد ایک وکٹ گرتی رہی۔
تیسرے رو ز کھیل کے اختتام تک پاکستان نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 129 رنز بنا لئے ہیںاور اسے نیوزی لینڈ کے خلاف 62 رنز کی برتری حاصل کر لی ہے۔ اننگز کا آغاز سمیع اسلم اور اظہر علی نے کیا لیکن سمیع اسلم 7 رنز بنا کر گرینڈ ہوم کا شکار بن گئے جبکہ بابر اعظم 29 رنز بنا کر نیل ویگنر کا شکار بنے۔ تجربہ کار بلے باز یونس خان بھی صرف ایک رن بنا کر نیل ویگنر کا شکار بنے۔ دیگر بلے بازوں میں اظہر علی نے 31، مصباح الحق نے 13، سرفراز احمد نے 2 اور محمد عامر نے بھی 2 رنز بنائے۔ اسد شفیق 6 اور سہیل خان 22 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ نے 3 اور نیل ویگنر نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ ٹم سادھی اور گرینڈہوم نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی۔ دوٹیسٹ میچوں کی سیریز کا دوسرا ٹیسٹ ہملٹن میں 25سے 29 نومبر تک کھیلا جائے گا۔