ایمزٹی وی(کھیل) چیف سلیکٹر انضمام الحق نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی پر مایوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ ٹیم نے اچھی کار کر دگی کا مظاہرہ نہیں کیا ٗ پاکستانی ٹیم نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز میں کم بیک کرے گی ٗابھی ٹیم میں تبدیلی کے بارے میں بات نہیں کروں گا۔
صحافیوں سے بات کرتے ہوئے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا کہ ٹیم سے اچھی کارکردگی کی امید تھی، کھلاڑیوں نے اچھا پرفارم نہیں کیا۔تاہم انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستانی ٹیم نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز میں کم بیک کرے گی ٗ نیوزی لینڈ کی وکٹیں مختلف ہیں، ٹیم کو تھوڑا وقت دینا چاہیے ٗ اتنی جلدی تبدیلی کی بات نہیں کرنی چاہیے ٗگزشتہ چند ماہ سے یہی ٹیم اچھی پرفارمنس دے رہی ہے۔
انضمام الحق نے خبردار کیا کہ جو کھلاڑی مسلسل ناکام ہورہے ہیں انہیں تبدیل کیا جائیگا ٗ ضرورت پڑی تو حفیظ کو شامل کرسکتے ہیں۔ٹیم میں تبدیلی کے حوالے سے انضمام الحق نے کہا کہ ابھی ٹیم میں تبدیلی کے بارے میں بات نہیں کروں گا۔انہوں نے ٹیم میں شامل سینئر کھلاڑیوں کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ سینئر کھلاڑی بھی انسان ہیں،اگر 6 سال سے وہ شارجہ یا ابوظہبی کی وکٹوں پر کھیلتے رہیں گے تو انہیں مشکل ضرور پیش آئی گی ٗ یہاں کی وکٹیں بالکل مختلف ہیں لہٰذا سینئر ہو یا جونیئر انہیں تھوڑا وقت دینا چاہیے۔آل راؤنڈر محمد حفیظ کے بولنگ ایکشن کے حوالے سے انضمام الحق نے کہا کہ سب کی کارکردگی کو دیکھا جارہا ہے، اگر ضرورت محسوس ہوئی تو حفیظ کو شامل کریں گے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ محمد حفیظ بولنگ ایکشن ٹیسٹ میں کامیاب ہوجائے گا تاہم ان کا کہنا تھا کہ اگر وہ کامیاب نہیں بھی ہوا اور ٹاپ آرڈر میں سینئر بیٹسمین کی ضرورت ہوئی تو انہیں شامل کیا جاسکتا ہے۔