ایمزٹی وی(اسپورٹس) پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے قومی ٹیم کے آل راؤنڈرعبدالرزاق کی خدمات حاصل کرلی ہیں۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کے لیئے ٹیسٹ کرکٹر عبدالرزاق کی خدمات حاصل کی ہیں تاہم آل راؤنڈر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کھلاڑی کی حیثیت سے شامل نہیں بلکہ ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں سرانجام دیں گے اوربالرز کو تربیت فراہم کریں گے، وہ سابق انگلش کرکٹر این پونٹ کی جگہ لیں گےجب کہ قومی ٹیم کےسابق کپتان معین خان کوچ اور سابق ویسٹ انڈین کپتان سر ویوین رچرڈ مینٹور(سرپرست) کی حیثیت سے ٹیم کےساتھ ہوں گے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے اس بات کا اعلان اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر کیا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ ہم اس بات کا اعلان کرتے ہوئے نہایت خوشی محسوس کررہے ہیں کہ پاکستان کے بہترین اور میچ ونر آل راؤنڈر اسسٹنٹ بالنگ کوچ کی حیثیت سے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا حصہ بن گئے ہیں۔
واضح رہے کہ 36 سالہ عبدالرزاق پاکستان کی جانب سے 46 ٹیسٹ ،265 ون ڈے اور 32 ٹی ٹوئنٹی میچز میں کھیل چکے ہیں اور اپنے شاندار کیریئر میں انہوں نے مجموعی طور پر 7 ہزار419 رنز اور 389 وکٹیں حاصل کررکھی ہیں۔