ایمزٹی وی(اسپورٹس) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق سٹار کرکٹر سعید انور جو کہ چترال میں دعوت تبلیغ کے سلسلے میں موجود ہیں کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ وہ حویلیاں طیارہ حادثے کے بارے میں سخت رنجیدہ ہیں اور مسجد میں زاروقطار روتے رہتے ہیں۔
مسجد کے نمازیوں نے بتایا ہے کہ طیارہ حادثے کے آدھے گھنٹہ پہلے پریشان تھے اور مسجد سے باہر نکل آئے تھے اور کہا کہ ان کا دل ڈوب رہا ہے۔ جب انہیں آدھے گھنٹے بعد طیارہ حادثے کے بارے میں فون پر اطلاع ملی تو وہ آبدیدہ ہوگئے۔ معلوم ہوا ہے کہ سعید انور طیارہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے معروف نعت خواں جنید جمشید کے ہمراہ ایک ہی تبلیغی جماعت کے ساتھ چترال میں تشکیل کے فرائض انجام دے رہے تھے۔
اخبار کے مطابق سعید انور کو جنید جمشید نے اپنے ساتھ جانے کو کہا مگر وہ وہاں رک گئے تاہم سعید انور کسی بھی میڈیا کے نمائندے کے ساتھ تصویر بنانے اور انٹرویو دینے سے انکاری ہیں۔